لاہور(خصوصی نمائندہ)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کورونا وائرس کے شکار افراد کو بچانے اور خدانخواستہ انتقال کی صورت میں ان کی تدفین کیلئے ریسکیو 1122 نہایت شاندار خدمات انجام دے رہا ہے ۔ ایکسپو سنٹر میں قرنطینہ کو مینج کرنے میں بھی ان کی خدمات کی تعریف ضروری ہے ۔انہوں نے کہاڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں ریسکیو 1122 کے اہلکار 'کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے ' کی عملی مثال پیش کر رہے ہیں۔ان کی کارکردگی کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکتا جو اپنی جان خطرہ میں ڈال کر نہایت منظم اور مربوط طریقہ سے مریضوں کی ہسپتال اور قرنطینہ مراکز منتقلی کے علاوہ تدفین کا نیک کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا پاک فوج، رینجرز، ڈاکٹرز، پولیس و دیگر ادارے بھی اپنا فریضہ احسن طور پر انجام دے رہے ہیں لیکن ریسکیو اہلکار دن رات جس طرح عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اس کا اعتراف بھی ضروری ہے ، پوری قوم ان کے اس جذبہ اور خدمت کو سلام پیش کرتی ہے ۔