آج کل پوری دنیا کورونا وائرس کی وباء کی لپیٹ میں ہے۔اس وباء سے ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں لوگ اس موذی مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔تمام ممالک اپنے اپنے وسائل کے مطابق اس موذی وباء سے لڑ رہے ہیں۔ ایک طرف وباء ہزاروں جانیں نگل چکی ہے مگر دوسری طرف کئی ممالک کی معیشت بْری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ ذرائع نقل و حمل بند ہیں اور اشیاء کی درآمد و برآمد بند ہوچکی ہے۔غریب آدمی خصوصاً دیہاڑی دار طبقہ بْری طرح متاثر ہوا ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں حکومت جہاں لوگوں کو اس وباء سے بچانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے تو دوسری طرف غریب طبقہ کی بحالی کیلئے معاشی پیکیج دے رہی ہے تاکہ مزدور طبقہ کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے۔ ان حالات میں بزدار حکومت کورونا وائرس سے بچاؤ، وائرس سے متاثرہ افراد کو بروقت طبی امداد کی فراہمی اور مشتبہ افراد کو قرنطینہ سنٹرز میں رکھنے کیلئے کئے گئے اقدامات کو محکمہ تعلقات عامہ پنجاب پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے بھی سول حکومت سے بھرپور تعاون کرنے کا اعادہ کیا ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے انسداد کورونا مہم کے دوران جاں بحق ہونے والے ملازمین، ڈاکٹروں اور ہیلتھ پروفیشنلزکے لواحقین کو شہداء پیکیج، امتناع وبائی امراض آرڈیننس کے نفاذ، محکمہ صحت کو 12ارب روپے فنڈز جاری کرنے، لاک ڈاؤن کرنے، چیف منسٹر انصاف امداد پیکیج کے تحت 25لاکھ مستحق خاندانوں کو4ہزار روپے کی مالی امداد دینے کیلئے 10ارب روپے مختص کرنے جیسے اقدامات کو محکمہ تعلقات عامہ پنجاب نے اخبارات، ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر بھرپور کوریج دلائی۔ وزیراعلیٰ پنجاب انصاف امداد پیکیج کی امدادی رقم وفاقی حکومت کے ریلیف پیکیج کے علاوہ ہوگی۔ امدادی ریلیف پیکیج سے دیہاڑی دار طبقے کو ریلیف ملے گا۔ انصاف امداد پیکیج کے تحت درخواستیں آن لائن لی جائیں گی اور تصدیق کے بعد رقم آن لائن ٹرانسفر کی جائے گی تاکہ اس عمل کو صاف اور شفاف بنایا جائے۔ حکومت نے کہاہے کہ نادار طبقہ کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ان کی ضروریات کا خیال رکھے گی۔ اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان سردار کے قرنطینہ سنٹروں، کورونا کرائسز مینجمنٹ سیل، ہسپتالوں کے دوروں کی الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر براہ راست کوریج کو یقینی بنایا گیا ہے۔     وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہر ضلع میں صوبائی وزراء کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں جو کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کے ڈویژنل و ضلعی افسران نامساعد حالات میں ہر اول دستے کے طور پر کام کر رہے ہیں اور وزراء کے اجلاسوں، دوروں اور اہم شخصیات سے ملاقاتوں کی کوریج کر رہے ہیں۔ اسی طرح پنجاب بھر میں قائم قرنطینہ سنٹرز کے قیام اور ان میں انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں کارپوریشن، ریسکیو1122اور دیگر محکموں کی طرف سے کلورین کے سپرے اور سڑکوں کو دھونے، پنجاب حکومت کی طرف سے لاک ڈاؤن، دفعہ 144کے نفاذ اور اس کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کی پورٹس میڈیا کے ساتھ شیئر کی گئیں۔مزیدبرآں ڈویڑنل و ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سیکرٹریٹ میں قائم کنٹرول رومز کے ٹیلی فون نمبروں کی اشاعت کو محکمہ تعلقات عامہ نے یقینی بنایا تاکہ کسی قسم کی مدد اور راہنمائی کیلئے شہری ان نمبروں پر رجوع کرسکیں۔حکومت کی طرف سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو برقرار رکھنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات کو بھی میڈیا کے ذریعے اجاگر کرایاگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنرپنجاب اور صوبائی وزراء کی پریس کانفرنسوں کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔محکمہ تعلقات عامہ پنجاب میں قائم الیکٹرانک میڈیا چوبیس گھنٹے مسلسل چینلز کی مانیٹرنگ کر رہا ہے اور بے بنیاد اور حقائق کے منافی چلنے والی رپورٹس کی بروقت وضاحت اور تردید کی جا رہی ہے۔     وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایکسپو سنٹر میں 9روز کے اندر 1000بستروں پر مشتمل قائم کئے گئے فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے فیلڈ ہسپتال میں تشخیصی کاؤنٹر، ریسکیو، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، ایمبولنس اور دیگر سہولتوں کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے پنجاب میں نئی 8لیب بنانے کیلئے 62کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔ ان تشخیصی لیب کے قیام سے ٹیسٹنگ کی سہولت میں اضافہ ہوگا۔کورونا وائرس کے سدباب کے لئے قائم ایکسپرٹ فورم نے ریسرچ کے بارے میں رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ ایکسپرٹ فورم مختلف ادویات کے ذریعے کوروناوائرس کے علاج پر ریسرچ کررہاہے۔ ڈریپ نے کورونا وائرس کے بارے میں پنجاب کی سٹڈی منظور کر لی۔مقامی کورونا وائرس کے جینوم چین میں پائے جانے والے وائرس سے مختلف ہیں،مقامی کورونا وائرس میں 9تبدیلیاں ہیں جس کی وجہ سے غیر ملکی ویکسین غیرموثرہوسکتی ہے ۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کورونا وائرس ٹیسٹ کے لئے کٹ بھی مقامی سطح پر تیار کی جائے گی ۔ کورونا وائرس کے لئے اینٹی باڈی ٹیسٹ کٹ کا آزمائشی استعمال جاری ہے۔ کورونا کے مریضوں کے لئے لاہور میں دو خصوصی ٹرائل سنٹر قائم کئے جائیں گے۔ ٹرائل سنٹر میں کورونا کے مریضوں کو ابتدائی چیکنگ کے بعد علاج کے لئے ریفر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وائرس پر ریسرچ کے لئے تمام تروسائل فراہم کئے جائیں گے ۔ پنجاب مقامی سطح پر کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا۔ حفاظتی کٹ او ردیگر ضروریات مقامی طو رپر پوری کرنے کی صلاحیت جلد حاصل کر لی جائے گی۔ مقامی سطح پر تیار کردہ پی پی ای اور ویکسین مؤثر اور ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوگی ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ محکمہ تعلقات عامہ پنجاب انتہائی کم وسائل کے باوجود حکومتی انتظامات کی پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر بھرپور تشہیر کیلئے رات دن کوشاں ہے۔