اسلا م آباد ،لاہور،شیخوپورہ ،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید 46 افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد 23133ہو گئی جبکہ دو ماہ بعد کورونا کے 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.9فیصد رہی، کوروناکے 4119نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز56952ہو گئے ،2898مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔دریں اثنابین الصوبائی وزرا ئے تعلیم کانفرنس میں تعلیمی اداروں کی موسم گرما کی چھٹیوں کو 14 اگست تک بڑھانے کی تجویز پرغور کیا گیا،تاہم مشاورت کے بعد چھٹیاں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔کورونا ایس او پیز کے تحت تعلیمی ادارے شیڈول کے مطابق 2اگست سے کھول دیئے جائینگے اور امتحانات بھی ملتوی نہیں کئے جائینگے ۔کورونا شرح کے مطابق صوبے تعلیمی اداروں سے متعلق خود فیصلے کرینگے ۔علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے سول سیکرٹریٹ سمیت تمام سرکاری دفاتر میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد کے داخلے پر فوری پابندی عائد کر دی جس پر عملدرآمد کی ذمہ داری متعلقہ اداروں کے سربراہان پر عائد ہو گی ۔ذرائع کے مطابق مراسلہ میں سول سیکرٹریٹ و دیگر سرکاری دفاتر میں سائلین کو داخلے کے وقت ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی قرار دیا گیا ۔ دریں اثنا کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے پارکوں، تفریحی مقامات پر ماسک کے بغیر داخلہ و تفریح پر پابندی ہوگی۔ ڈومیسائل، برتھ سرٹیفکیٹ ودیگر سرکاری خدمات کی فراہمی ماسک پہننے سے مشروط کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کمشنر لاہور نے ماسک سمیت کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی جبکہ فیصلہ کیا کہ مارکیٹوں میں دکانداروں کو ترجیحی بنیاد پر ویکسین لگائی جائیگی۔ کمشنر لاہور نے بغیر ویکسی نیشن افراد کو نئی موبائل فون سم کی فراہمی یا تبدیلی سم پر پابندی لگانے کا عندیہ بھی دیا اور کہا کہ بغیر ویکسی نیشن مسافروں کے پبلک ٹرانسپورٹ، ریل سفر پر مکمل پابندی لگ سکتی جبکہ مختلف سرکاری خدمات محدود کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ اجلاس میں ویکسینیٹڈ افراد کیلئے بینکوں دیگر اداروں میں سپیشل لائن کا انتظام کرنے اور مختلف اشیاپر خصوصی ڈسکاؤنٹ آفرز پر بھی غور کیا گیا۔علاوہ ازیں سندھ میں کورونا کی لہر خطرناک حد تک بڑھ گئی ۔ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 30 فیصد سے تجاوز کرگئی جس کیساتھ ہی سندھ حکومت نے سخت ترین اقدامات کا فیصلہ کرلیا جبکہ کراچی میں مزید پابندیوں کیساتھ لاک ڈاؤن پر غور شروع کردیا ۔ذرائع نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے این سی او سی کو سفارش کی جائیگی کہ وفاقی سرکاری ادارروں میں 15دن کی چھٹی دی جائے جبکہ زمینی ،فضائی اور ریلوے کے سفر پر پابندی عائد کی جائے ۔طبی ماہرین اور محکمہ صحت سندھ نے صوبائی ٹاسک فورس کو کراچی میں 15 دن کے فوری لاک ڈائون کی سفارش کی ہے ۔جن شہروں میں کورونا کی شرح 20 فیصد سے زائد ہے وہاں لاک ڈائون کی تجویز ہے ۔سندھ حکومت نے لاک ڈائون کے نفاذ اور ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مدد لینے پر بھی غور شروع کردیا۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں42لاکھ سے زائد ہو گئیں۔سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ جو شخص ایسے ممالک میں سفر کرتا ہے جن میں کورونا کی وجہ سے آنے جانے پر پابندی ہے تو اسکا 3 سال تک سعودی عرب میں داخلہ بند ، جرمانہ بھی ہو گا ۔امریکہ میں بھارتی کورونا ڈیلٹا نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول نے ہدایت کی کہ مکمل ویکسین لگوانے کے باوجود دفاتر اور دیگر عوامی مقامات پر ماسک پہنے جائیں۔