لاہور؍اسلام آباد؍ نیویارک( رپورٹنگ ٹیم؍ نیوز ایجنسیاں؍ مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا سے 2 ارکان صوبائی اسمبلی سمیت مزید79 افراد چل بسے ، اموات 1729 ہوگئیں جبکہ ساڑھے 4 ہزار نئے کیسز کے ساتھ مریضوں کی تعداد 82572ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں مجموعی طور پر 32 ہزار 86 ،پنجاب 29 ہزار 489 ،خیبرپختونخوا 11 ہزار 897 ، بلوچستان4740 ،اسلام آباد 3188 ،گلگت بلتستان 779 اور آزاد کشمیر میں 284 افرادمیں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ۔ لاہور میں ایک دن میں کورونا کے سب سے زیادہ 817 کیس سامنے آگئے ۔وزیرآباد سے مسلم لیگ(ن) کے ایم پی اے شوکت منظور چیمہ چند روز قبل کورونا کا شکار ہوئے تھے اور پی کے ایل آئی میں وینٹی لیٹر پر تھے ۔شوکت چیمہ دل کے عارضہ کے علاوہ شوگر اور بلڈ کینسر کے بھی مریض تھے ۔شوکت منظور کو ایس او پیز کے مطابق منظورآباد میں سپردخاک کردیا گیا۔کورونا سے جاں بحق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی جمشید الدین کاکا خیل کا تعلق نوشہرہ سے تھا۔وہ ایک ہفتے سے اسلام آباد کے ہسپتال میں زیر علاج اور 3 روز سے وینٹی لیٹر پر تھے ۔شیخوپورہ سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راحت امان اﷲ بھٹی اور ان کے بیٹے کا ٹیسٹ پازیٹو آگیا جنہوں نے اپنے آپ کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا ۔رکن سندھ اسمبلی سلیم بلوچ میں بھی کورونا کی تشخیص ہوگئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر کھیل و ثقافت عبد الخالق ہزار ہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ، ان کی اہلیہ اور 2بچوں کا بھی ٹیسٹ مثبت آیا ،طبیعت خراب ہونے پر کراچی منتقل کر دیا گیا۔پشاور میں ایم پی اے فیصل زیب اور خاتون ایم پی اے زینت بی بی بھی کورونا کا شکار ہوگئے ۔سیالکوٹ پسرور روڈ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین و معروف صنعتکار میجر(ر) رفیق سیٹھی بھی وائرس کا شکار ہوکر چل بسے ۔میونسپل آفیسر ریگولیشن راولپنڈی رضوان احمد جنرل ہسپتال لاہور میں جان کی بازی ہار گئے ۔علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کے مزید 2 ڈاکٹر وائرس سے متاثر ہوگئے ۔جناح ہسپتال کی میڈیکل آفیسرڈاکٹرمدیحہ کاکوروناٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔گوجرانوالہ میں مزید2ڈاکٹرزمیں کوروناکی تشخیص ہوگئی۔محکمہ صحت کے مطابق ڈی ایچ کیوہسپتال کوروناوارڈکے انچارج ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹرعاصم سلیم،پی ایم اے کے سابق صدر ڈاکٹر گلزارچودھری کورونامیں مبتلاہوگئے ۔24 گھنٹے میں 117 ہیلتھ ورکرز وائرس کا شکار ہوئے ۔تھانہ نواں کوٹ میں تعینات گرین ٹاؤن کے رہائشی سب انسپکٹر خالد حسین، کراچی پولیس کا ایک اور اہلکار بھی کوروناکے باعث جاں بحق ہو گئے ۔ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب محمد اشفاق خان بھی کورونا کی زد میں آگئے ۔مانانوالہ کارہائشی محمد ریاض وائرس کے باعث جاں بحق ہوگیا۔سابق چیف سی پی ایل سی کراچی شرف الدین میمن بھی وائرس کا شکار ہوگئے ۔اسلام آباد میں کیسز سامنے آنے پر 9 مقامات کو سیل کردیا گیا۔سینٹ سیکرٹریٹ کے مزید 3 ملازمین کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔جہلم میں ایک خاندان کے 23 افراد وائرس کی زد میں آگئے جبکہ فیملی کا سربراہ جاں بحق ہوگیا۔سی ٹی اوآفس لاہور میں 3 برانچوں کے انچارجوں کو کورونا مثبت آنے پر برانچوں کو وقتی طور پر بند کر دیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا آفس بھی بند کردیا گیا۔اسلام آباد کچہری کی تمام عدالتیں 30 جون تک بند رہیں گی۔وزارت تحفظ خوراک کو 16 کیسز سامنے آنے پر آج اور کل کیلئے بند کردیا گیا۔آزاد کشمیر میں سمارٹ لاک ڈائون کی مدت 18 جون تک بڑھا دی گئی، بلاضرورت گھر سے نکلنے پر 500 روپے جرمانہ ہوگا۔دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد 65لاکھ سے بڑھ گئی جبکہ ہلاکتیں 3لاکھ 86ہزار ہوگئی ہیں۔یونان نے قطر ائیر ویز کے ذریعے دوحہ سے آنے والے 12 مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قطر سے آنے والے ساری پروازیں 15 جون تک کے لئے معطل کر دی ہیں۔اٹلی نے یورپ سے تعلق رکھنے والوں کے لئے سیاحت کھول دی ۔جنوبی افریقہ کی عدالت نے لاک ڈاؤن کو غیرآئینی قرار دیدیا۔