لاہور؍ اسلام آباد(جنرل رپورٹر؍ لیڈی رپورٹر؍ خبر نگار خصوصی)کورونا سے 2 سینئر ڈاکٹروں سمیت مزید 67 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 5386 ہوگئی جبکہ 2165 نئے کیسز کے بعد مریضوں کی تعداد 2لاکھ 55 ہزار 768 تک پہنچ گئی ہے ۔ پنجاب میں 453 نئے مریض سامنے آئے ۔ اب تک ایک لاکھ 72 ہزار مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 2078 کی حالت تشویش ناک ہے ۔ پنجاب میں مریضوں کی مجموعی تعداد 88 ہزار، سندھ میں ایک لاکھ 7 ہزار، خیبرپختونخوا میں 31 ہزار اور بلوچستان میں 11 ہزار ہے ۔ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کورونا سے جنگ لڑتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے ، ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کا 14 جون کو کورونا کا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔کراچی کے سینئر آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر یونس سومر بھی کورونا کے باعث شہید ہوگئے ۔ پروفیسر یونس سومرو سابق وزیراعلیٰ سندھ اللہ بخش سومرو کے پوتے ، سابق وفاقی وزیر الٰہی بخش سومرو کے بھتیجے اور سابق گورنر سندھ میاں سومرو کے کزن تھے ۔2 روز کے دوران سندھ پولیس کے مزید 150 اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ۔پنجاب کی سرکاری لیبارٹریز نے بھی کورونا ٹیسٹ کے نتائج آن لائن کردیئے ، اب تک ایک لاکھ 30 ہزار افراد کو بذریعہ ایس ایم ایس نتائج سے آگاہ کیا جاچکا ہے ۔ بلوچستان حکومت نے لاک ڈائون میں 30 جولائی تک توسیع کردی۔لاہور کے 7 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون میں بھی 30 جولائی تک توسیع کردی گئی۔ادھر دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 35 لاکھ ہوگئی جبکہ ہلاکتیں 5 لاکھ 85 ہزار ہیں۔ برازیل میں ایک روز کے دوران 42 ہزار نئے مریض سامنے آئے ۔بھارت میں مریضوں کی تعداد 10لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے ،متعدد شہروں میں دوبارہ جزوی لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ امریکی ریاست اوکلاہوما کے گورنر کیون سٹف کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔ سکاٹ لینڈ نے شراب خانے اور ریسٹورنٹس کھول دیئے ۔ابوظہبی آنے والے مسافروں کی لیزر سکریننگ کی جارہی ہے ، لیزر کی مدد سے خون میں ہونیوالی تبدیلیوں کے ذریعے چند سیکنڈز میں کورونا کی تشخیص ہوجاتی ہے ۔چلی میں پولیس کتوں کو پسینہ سونگھ کر نئے کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تشخیص کرنے کی ٹریننگ دے رہی ہے ۔سعودی وزارت ثقافت نے بتایا ہے کہ مملکت میں قومی ورثہ اور ثقافت کی علامت سمجھا جانے والا الجنادریہ میلہ سال 2021 کی پہلی سہ ماہی تک ملتوی کردیا گیا ہے ۔امریکی دوا ساز کمپنی موڈرنا نے کہاہے کہ ان کی تیارکردہ کورونا ویکسین 27 جولائی سے انسانوں پر تجربے کے آخری مراحل میں داخل ہو جائے گی، ویکسین کو 30 ہزار افراد پر ٹیسٹ کرنے کا ارادہ ہے ۔