اسلا م آباد ،لاہور(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید26افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد 28058ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 45619کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.99 فیصد رہی،912نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 43648 ہو گئے ،2761مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 1633مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔ 1052572افراد کو ویکسین لگائی گئی۔پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے ٹوئٹرپر پیغام میں کہا کہ ملک میں کورونا ویکسی نیشن اچھے طریقہ سے جاری ہے ۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کے مطابق پنجاب میں اموات کی کل تعداد 12757 ہو گئی۔ کورونا کیسز میں بتدریج کمی پر تمام تعلیمی اداروں کو 100 فیصد حاضری کی اجازت دیدی۔تعلیمی اداروں میں ہر ہفتہ کا دن ویکسی نیشن ڈے ہو گا، موبائل ٹیمز جا کر ویکسین لگائیں گی۔ اکتوبر اور نومبر کے آخری ہفتے میں ویکسی نیشن ویک منایا جائیگا۔ تمام ویکسی نیشن سنٹرز پر 18 سال سے کم عمر طلبہ کیلئے خصوصی کائونٹرز ہونگے ۔12 سال سے زائد عمر افراد کیلئے ویکسی نیشن کا عمل شروع کر دیا ۔18 سال سے کم عمر طلبہ کیلئے 30 نومبر تک مکمل ویکسی نیشن کرانا ناگزیر ہے ۔ ڈپٹی کمشنرعمر شیر چٹھہ کی ہدایت پرلاہور میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ابراہیم ارباب،اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ذیشان نصر اللہ رانجھا اوراسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی اورعملہ ویکسینیٹڈنہ ہونے پر22دکانوں اور ریسٹورنٹس کوسیل کردیاگیا۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں48لاکھ55ہزار سے زائد ہو گئیں۔برطانیہ نے 11اکتوبر سے پاکستان سمیت کئی ممالک کیلئے ویکسین سرٹیفکیٹ رکھنے والے افراد کو قرنطینہ سے استثنیٰ دیدیا۔نئے رولز کے مطابق پاکستان سے صرف آسٹرازینیکا، موڈرنا اور فائزر ویکسین لگوانے والے افراد قرنطینہ سے مستثنیٰ ہونگے ۔ برطانیہ جانے سے کم از کم 14 دن پہلے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا ضروری ہے ۔ چینی ویکسین لگوانے والوں کو برطانیہ میں اپنی رہائش گاہ پر 10 دن قرنطینہ کرنا ہوگا۔