اسلا م آباد ،لاہور،راولپنڈی، ملتان،پشاور، مردان، کراچی، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ سمیت پاکستان میں مزید34 افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد7055ہو گئی ۔ترجمان پشاور ہائیکورٹ کے مطابق چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کوروناکے باعث 10 روز سے کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آبادمیں زیرعلاج تھے ، ا نکی طبیعت کچھ روزسے خراب تھی اور وہ گزشتہ روز انتقال کرگئے ۔ذرائع کے مطابق جسٹس وقار سیٹھ کو ایک دن قبل وینٹی لیٹر پر ڈالا گیا مگر انکی حالت مزید بگڑ گئی۔ وہ گزشتہ تین ہفتوں سے بیماری کے باعث پشاور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت نہیں کرسکے تھے ۔ وہ ذیابیطس کے مریض بھی تھے اور دل کے مرض کے باعث تین سٹنٹ ڈلوا چکے تھے ۔جسٹس وقار سیٹھ ڈیرہ اسماعیل خان میں پیدا ہوئے تھے ، 28جون 2018کو پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کا حلف اٹھایا ،وہ اپنے کئی اہم فیصلوں کے باعث مقبول تھے ۔جسٹس وقار سیٹھ کے سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس پر بننے والے سپیشل کورٹ کے رکن کی حیثیت سے 19 دسمبر 2019ء کو سنائی جانیوالی سزا کے فیصلے میں ریمارکس نے قومی سطح پر توجہ حاصل کی تھی۔جسٹس وقار سیٹھ کی نماز جنازہ آج دوپہر 2 بجے آرمی سٹیڈیم پشاورمیں ادا کی جائیگی۔صدرمملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ کی اچانک وفات پر دکھ کا اظہار کیا جبکہ دعاکی کہ اللہ تعالیٰ وقار احمد سیٹھ کو جنت میں جگہ عطا فرمائے ، وزیراعظم نے کہا کہ میری ہمدردی اور دعائیں مرحوم کے اہلخانہ کیساتھ ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد اور سپریم کورٹ کے ججوں نے جسٹس وقار سیٹھ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ مرحوم کے اہل خانہ کے نام تعزیتی پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ جسٹس وقار سیٹھ کو جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی جسٹس وقار سیٹھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ۔آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہلخانہ کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ قاسم خان ،چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،وزیراعلیٰ بلوچستان،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری،نائب صدرن لیگ مریم نواز،امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق،سینیٹرپرویزرشید،پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رحمٰن ملک نے بھی جسٹس وقار سیٹھ کے انتقال پر گہرے دکھ وغم کا اظہار کیا ۔جسٹس وقار سیٹھ کے انتقال پرپاکستان بار کونسل اورسپریم کورٹ بار نے آج ملک بھر میں یوم سوگ کااعلان کردیا جبکہ مشترکہ بیان میں کہا کہ جسٹس وقار احمد سیٹھ کے انتقال سے ملک بہترین منصف سے محروم ہوگیا۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین عابد ساقی ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی اعظم تارڑ ، سپریم کورٹ بار کے صدر لطیف آفریدی نے کہا کہ قوم ایک نڈر ،بے باک، دیانتدار اور غیر جانبدار جج سے محروم ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں1808نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 349992 جبکہ فعال کیسز کی تعداد 22088ہو گئی،1164مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور320849صحتیاب ہو چکے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید9مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ390نئے کیس سامنے آگئے ۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کاکوروناٹیسٹ مثبت آگیا،وہ 9نومبرسے قرنطینہ میں ہیں اور گھرسے ذمہ داریاں اداکررہے ہیں۔ وزیر جنگلی حیات وماہی پروری پنجاب سید صمصام علی بخاری کا کورونا ٹیسٹ بھی پازیٹو آگیا جس پر خودکوگھر پر قرنطینہ کر لیا ۔سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کاکوروناٹیسٹ بھی مثبت آگیا اور تمام مصروفیات منسوخ کرکے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ۔ احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ ذرائع کے مطابق ارشد ملک اس وقت اسلام آباد کے ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ایس ایس پی آپریشنز لاہور احسن سیف اللہ اور انکی اہلیہ بھی کورونا میں مبتلاہو گئے اور خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ۔راولپنڈی میں کورونا مریض سامنے آنے پر 4تعلیمی اداروں کو10روز کیلئے سیل کردیاگیا۔خیبر پختونخوا میں ایک اور مریض جاں بحق ہو گیا۔مردان میں 5 استانیوں،4 طالبات اور3 سٹاف ممبرزکے کورونا میں مبتلا ہونے پر2 تعلیمی ادارے دس دن کیلئے بند کردیئے گئے ۔کراچی میں 15 روز کے دوران بینظیر بھٹو میڈیکل کالج لیاری کے 34 فیکلٹی ممبرز کورونا سے متاثر ہوگئے جن میں لیاری جنرل ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر آغاز بیر بھی شامل ہیں۔ کالج کی پرنسپل انجم رحمٰن نے بڑھتے ہوئے کورونا کیسز پر تشویش ظاہرکی۔دنیا بھر میں ہلاکتیں 1296291سے زائدہوگئیں۔کورونا میں مبتلا یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی کو ہسپتال میں داخل کرلیا گیا ۔برطانیہ میں کورونا سے اموات 50 ہزار سے زیادہ ہونے کے بعد ایک روز میں اب تک کے سب سے زیادہ 33 ہزار 470 نئے کیسز بھی سامنے آگئے ۔امپیریل کالج لندن کا نئی تحقیق میں کہنا ہے کہ انگلینڈ میں کورونا وائرس ہر 80 افراد میں سے ایک کو متاثر کر رہا ہے ۔ کورونا