اسلا م آباد ،لاہور،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید62افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد23422ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.82فیصد رہی، 5026نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز69756ہو گئے ،3208مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ این سی او سی میں اجلاس کے بعد وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وبا کے پھیلاؤ کے حوالے سے آج وزیراعظم کو سفارشات پیش کرینگے ۔اسد عمر نے کہا کہ انڈونیشیا ، ملائیشیا ، تھائی لینڈ، ایران ، بنگلہ دیش اور مشرقی ایشیا میں بھارتی کورونا پھیلنے کی صورتحال بدتر ہو رہی ہے ۔ ملک کے بڑے شہری مراکز میں کچھ پابندیاں لگائے جانے کا امکان ہے ۔ کورونا کی بھارتی قسم برطانوی وائرس سے زیادہ مہلک ہے اور اسکا پھیلاؤ بڑھ رہا لہٰذا بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہونگی۔کورونا کیخلاف کامیابی این سی او سی کے فورم کے ذریعے مرکزی کوشش تھی۔این سی او سی غیر سیاسی فورم ہے اور تمام وفاقی اکائیوں کیلئے یکساں احترام رکھتا ہے جبکہ وبا سے نمٹنے کیلئے اسی حکمت عملی پر عمل کرتا رہیگا۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ہسپتالوں میں کورونامریض بڑھ ر ہے ،صورتحال سے نمٹنے کیلئے اہم نگہداشت کی صلاحیت کو بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔دریں اثنا وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ٹویٹ میں کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں کوروناکا پھیلائو روکنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے ، خطرے کے حامل علاقوں کو ہدف بنا کر اقدامات کئے جائیں۔ پاکستان کی معاشی شہ ر گ (کراچی ) کی مکمل تالا بندی سے لاکھوں افراد کے روزگار پر زد پڑے گی۔علاوہ ازیں کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر اندرون ملک فضائی سفر پر پابندی لگ گئی۔سول ایوسی ایشن اتھارٹی کے مطابق ویکسی نیشن کی 31 جولائی ڈیڈ لائن تھی۔اب ملک کے اندر پروازوں میں 18 سال یا زیادہ عمر کے افراد بغیر ویکسی نیشن سفر نہیں کرسکیں گے ۔ بیرون ملک سفر کرنیوالے فی الحال پابندی سے مستثنیٰ ہونگے ۔این سی او سی کی ہدایات کی روشنی میں تمام پروازوں پر ویکسین سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کا آغاز کر دیا گیا۔ترجمان قومی ایئر لائن عبداللہ خان کے مطابق پی آئی اے نے بھی بورڈنگ سے قبل سرٹیفکیٹ کی چیکنگ شروع کردی ہے ۔ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 709نئے کیس سامنے آگئے جبکہ لاہور کے 7سمیت صوبہ میں مزید18مریضوں کی جان چلی گئی ۔ لاہور میں337، راولپنڈی 158 ،فیصل آباد 47،شیخوپورہ 15 اور قصور میں4 کیس رپورٹ ہوئے ۔صوبہ میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 3.8 جبکہ لاہورمیں 5.1 ریکارڈ کی گئی۔محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے زیر انتظام پنجاب میں ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ،گزشتہ24 گھنٹوں میں 549675 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔دریں اثنا محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر پنجاب نے سب کمیٹی برائے کورونا کی سفارشات کے مطابق محرم الحرام میں موبائل ویکسی نیشن کا اعلان کردیا اور حوالے سے سیکرٹری سارہ اسلم نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا جس کے مطابق موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر تعینات ہونگی۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک کی زیر صدارت کورونا جائزہ اجلاس میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کا کورونا وبا کی چوتھی لہر سے نمٹنے کیلئے ہنگامی( کانٹی جنسی)پلان تیار کرنیکا فیصلہ کیا گیا ۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عامر جان نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں کورونا کی 3 لہروں کا بخوبی مقابلہ کیا اور مریضوں کے علاج کیلئے بھرپور وسائل استعمال کئے گئے ۔ ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف نے وبا کا سامنا بہادری سے کیا۔ہسپتالوں میں لاکھوں مریضوں کی جانیں بچائی گیں۔کورونا کی چوتھی لہر میں اضافہ پر ہسپتالوں میں کانٹی جنسی پلان کے نفاذ ہوگا۔ تمام ایم ایسز کو ہدایت کردی کہ سپتالوں میں بیڈز، ادویات، آکسیجن سلنڈرز اور وینٹی لیٹرز کی کمی نہ ہونے پائے ۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن لگا دیا اور کہا کہ 27 گلیوں کو سیل کیا گیا۔ جن گھروں میں کورونا مریض ہیں انکی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نگرانی کرینگی، لوگ گھر میں نہ رکے تو جرمانے ہونگے ۔سندھ میں لاک ڈاؤن کے دوسرے روزکراچی میں تجارتی سرگرمیاں اورپبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند رہیں جبکہ شہری اپنے گھروں تک محدود رہے ، پولیس نے بعض مقامات پر ہوٹلزپرڈائننگ ، تقریبات اوراتوار بازارلگانے پرخاموشی اختیارکئے رکھی ، میڈیا کی جانب سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیاں سامنے لانے پر مختلف علاقوں میں پولیس اہلکارمشتعل ہوگئے اورمیڈیا ورکرز سے بداخلاقی اوربدسلوکی سے پیش آئے ۔ اتوارکو ضروری کام سے نکلنے والے شہریوں کے ویکسی نیشن کارڈ چیک کرنے کے بعد انہیں سفر کی محدود اجازت دی گئی،مختلف شاہراہوں پرپولیس ناکے ختم کردیئے گئے ۔ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں پولیس نے بعض مقامات پرکھلی دکانیں بند کرادی گئیں۔ ایس ایس پی سنٹرل کی کی ہدایت پرپرندوں کی خرید وفروخت کا بازارختم کرادیا گیا ۔ مختلف علاقوں میں پولیس اور دکانداروں میں آنکھ مچولی جاری رہی ۔کراچی تاجر ایکشن کمیٹی کے اہم اجلاس میں کنوینر رضوان عرفان نے لاک ڈاؤن کی مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت کوٹیکس نہ دینے ، تمام صوبائی ٹیکسوں کے بائیکاٹ اورکاروبارکھولنے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل پراچہ،صدرآل سٹی تاجر اتحاد شرجیل گوپلانی، پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے شوکت سلطان اور کراچی میرج ہالزایسوسی ایشن کے رانا رئیس نے کہا کہ سندھ حکومت فوری کاروبار کھولنے کی اجازت دے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں42لاکھ40ہزار سے زائد ہو گئیں۔متحدہ عرب امارات نے ڈیلٹا وائرس کے پیش نظرپاکستان،بھارت،بنگلہ دیش اورسری لنکا پرعائد سفری پابندیوں میں 7 اگست تک توسیع کردی۔