اسلا م آباد ،لاہور(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید78افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد26865ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5.44فیصد رہی،2580نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 85801ہو گئے ،5304مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 7240مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔ ابتک کورونا ویکسین کی کل 68227337 خوراکیں لگائی جا چکی ہیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں میں 885049 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ ابتک 21962455افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی ۔ 24 گھنٹوں کے دوران 47419کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب عمران سکندر بلوچ کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 1264نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس 26313ہو گئے جبکہ لاہور کے 13سمیت پنجاب میں مزید34مریضوں کی جان چلی گئی۔ لاہور میں 617 ، راولپنڈی 99اورفیصل آبادمیں 59کیس رپورٹ ہوئے ۔لاہور میں مثبت کیسز شرح12فیصد رہی۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں46لاکھ60ہزار سے زائد ہو گئیں۔آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں 15 اکتوبر تک لاک ڈائون میں توسیع کردی گئی ۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ 16 سال سے زائد عمر کے 80 فیصد شہریوں کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگادی گئیں۔ برطانیہ کی 90 فیصد بالغ آبادی میں کوویڈ اینٹی باڈیز موجود ہیں۔ جون2022 تک ترقی پذیر ممالک کو 10 کروڑ ویکسین فراہم کرینگے ۔ اسلام آباد، لاہور(نامہ نگار،وقائع نگار،جنرل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ) حکومت نے کل سے تعلیمی اداروں کو کھولنے اور کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کیلئے پابندیاں بڑھانے کا اعلان کر دیا ۔گزشتہ روزنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ 16 ستمبر سے 50 فیصد حاضری کیساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت ہوگی۔کورونا وباکی چوتھی لہر کی شدت میں بتدریج کمی آ رہی ہے ،تاہم خطرہ ختم نہیں ہوا۔ مکمل ویکسی نیشن نہ کرانیوالے 30ستمبر سے فضائی سفر نہیں کرسکیں گے ،شاپنگ سنٹرز میں بھی داخلہ بند ہوگا، ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس میں بکنگ بھی نہیں کراسکیں گے ۔ اب سخت پابندیاں ان افراد پر لگائی جائینگی جو کورونا کی ویکسین نہیں لگوا رہے ،بغیرویکسی نیشنشاپنگ مالزاور سکولوں کے کسی بھی شعبہ میں کام کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔شہروں کے درمیان پبلک ٹرانسپورٹ بھی چل سکے گی،آؤٹ ڈور ڈائننگ رات 12بجے تک ہوسکے گی،انڈورڈائننگ پر پابندی برقرار ہے ، ویکسی نیشن کرانیوالوں کو پارک اور جم جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔لاہور، فیصل آباد، ملتان اور سرگودھا سمیت 6 اضلاع میں کورونا پابندیاں میں 22ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے ۔خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں بھی بندشیں قائم رہینگی۔ انٹرسٹی بس سروس کو 50فیصد سواریوں کیساتھ اجازت ہوگی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ حالات کو معمول پر لیکر آئیں۔ ہم نے 24اضلاع میں 4ستمبر کوکچھ بندشیں لگائی تھیں جن میں سے 18 میں بہتری نظر آرہی ہے ۔ 6اضلاع میں انتہا درجے کی بندشیں قائم رہینگی،ان میں آؤٹ ڈورڈائننگ کاٹائم بڑھاکر 10 بجے تک کیا جا رہا ہے ۔ کاروبا ر کی مکمل بندش کی طرف نہیں جارہے ۔ حکومت 200 ارب روپے کی ویکسین کی خریداری کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے ۔دریں اثنا وفاقی وزیرتعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے بھی ٹویٹ کیا کہ16 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھول دیئے جائینگے ۔علاوہ ازیں وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب بھر کے سکول 16 ستمبر سے کھولے جا رہے ہیں ، ایک دن میں 50 فیصد طلبہ کو بلانے کی اجازت ہو گی۔علاوہ ازیں میٹرک اور انٹر کے طلبہ کی پروموشن کیلئے فارمولا طے کرلیا گیا۔جس مضمون میں طلبہ فیل ہوں ان میں 33 فیصد نمبر دیئے جائینگے ۔ ایوریج مارکس نکال کر لازمی مضامین میں 5 فیصد اضافی نمبرز دیئے جائینگے ۔بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن بھی طلبہ کی پروموشن کیلئے یہی طریقہ کار استعمال کرینگے ۔ تمام صوبے پریکٹیکل میں 50 فیصد گریس مارکس دینگے ۔تمام صوبوں میں باقی 50 فیصد تھیوری کی بنیاد پر دیئے جائینگے ۔ سمارٹ سلیبس پڑھایا جائیگا اور اسکے مطابق امتحانات لئے جائینگے ۔