اسلا م آباد ،لاہور،پشاور،کوئٹہ(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید 84 افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد 26497 ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6.43فیصد رہی،4062نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 91589ہو گئے ،5383مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 4136مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔ ابتک کورونا ویکسین کی کل 65505999خوراکیں لگائی جا چکی ہیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں میں 951140 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ ابتک 20912015افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی ۔نوٹیفکیشن کے مطابق این سی اوسی نے کوروناکی صورتحال، ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد ، آکسیجن ضروریات اورہیلتھ سسٹم پردبائوکے پیش نظر اسلام آباد،پنجاب اورخیبرپختونخوا کے کورونا کی بندشرح والے 24حساس اضلاع میں میں 12 ستمبر تک نافذ پابندیوں اورتعلیمی اداروں کی بندش میں15ستمبرتک توسیع کردی۔اسلام آباد کے علاوہ پنجاب میں سرگودھا، خوشاب، میانوالی، رحیم یار خان، خانیوال، فیصل آباد، بھکر، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ اور شیخوپورہ جبکہ خیبرپختونخوا میں یہ پابندیاں ہری پور، مالاکنڈ، مانسہرہ، صوابی، ڈی آئی خان، سوات، ایبٹ آباد اور پشاور میں عائداضافی بندشوں اور پابندیوں میں تعلیمی شعبے کی بندش،بیماری کے زیادہ پھیلاؤ والے اضلاع اور شہروں میں انٹرسٹی پبلکٹرانسپورٹ کی آمد و رفت پر پابندی، تمام قسم کے اجتماعات،ان ڈور اور آؤٹ ڈور تمام تقریبات پر پابندی،شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت صرف آؤٹ ڈور اور 300 افراد تک تعداد سے مشروط اورانڈور جم پر پابندی شامل ہیں،اس حوالے سے مزیدجائزہ 15 ستمبر کو لیا جائیگا۔اسلام آباد میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 5458ہو گئی جبکہ مزید2 افرادجاں بحق ہوگئے ۔اسلام آباد میں این سی اوسی کی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مختلف سیکٹرز میں تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اورپابندی کے باوجود کھلے متعدد نجی سکول سیل کردیئے جبکہ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پربھاری جرمانے بھی عائد کردیئے ۔ سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب عمران سکندر بلوچ کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 1798نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس 26772ہو گئے جبکہ مزید17مریضوں کی جان چلی گئی ۔ لاہور میں731، راولپنڈی249،فیصل آباد107، ملتان100،سرگودھا 62،شیخوپورہ30 اور قصور میں 10کیس رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 7.9فیصد رہی جبکہ لاہور میں 12 ،راولپنڈی میں17 فیصدیکارڈ کی گئی۔چترال کے 8 سکولوں میں 65 طلبہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس پر ان سکولز کو بند کردیا گیا ۔ خیبر پختونخوا حکومت نے اعلان کیا کہ صوبہ کے نجی سکولوں سمیت تمام تعلیمی اداروں میں ویکسین نہ لگوانے والے اساتذہ اور عملے کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور انہیں ڈیوٹی سے غیر حاضر مانا جائیگا۔ صوبائی ڈائریکٹوریٹ ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری تعلیم کے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ احکامات محکمے کے دیگر ملازمین پر بھی لاگو ہونگے ، تعمیل نہ کرنے کی صورت میں سٹاف کی تنخواہ نہیں کاٹی جائیگی تاہم ان کیخلاف تادیبی کارروائی ہو گی۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں46لاکھ15ہزار سے زائد ہو گئیں۔برطانیہ میں کورونا متاثرہ ممالک کی درجہ بندی کا نظام یکم اکتوبرکو تبدیل ہونے کاامکان ہے ، گرین اور ایمبر کے بجائے صرف ریڈ لسٹ برقراررہیگی۔دریں اثناء پاکستان سے متحدہ عرب امارات جانیوالے مسافروں کے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ فیس میں کمی کا اعلان کردیا گیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق دبئی،شارجہ،ابوظہبی جانیوالے مسافراب 5ہزار روپے میں یہ کورونا ٹیسٹ کراسکیں گے ۔ فیس میں کمی کے حوالے سے ایئرپورٹس پرموجودتمام لیبارٹریز کوباضابطہ مطلع کردیاگیا ہے ۔