اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،مردان،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید16 افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد 6775 ہو گئی جبکہ اگلے ہفتے سے مزید پابندیاں متوقع ہیں ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں908نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 331108ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 11695 ہو گئی،624مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور312638صحتیاب ہو چکے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر اگلے ہفتے مزید پابندیاں لگا سکتے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ ماسک کا استعمال، فاصلہ رکھنا اور ہاتھوں کی صفائی ہی میں بچت ہے ۔ ہم عوام اور ملک کو دیکھ رہے ہیں اور اسی بنا پر ہمیں اگلے ہفتے مجبوری میں سخت فیصلے کرنے ہونگے ، ڈیٹا دیکھتے ہوئے مزید پابندیاں لگا سکتے ہیں۔ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور کراچی میں کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ،اگر تعداد میں اضافہ ہوا تو پاکستان کے اندرونی حالات کی وجہ سے ہوگا۔ سیاسی جلسوں اور ریلیوں کے پیش نظر جلد نئے ایس او پیز جاری کرینگے ۔ پاکستان نے کورونا سے بچاؤ کی 4 مختلف ویکسین کے ٹیسٹنگ اور ٹرائل کا عمل شروع کردیا ، 2 چینی اور 2 مغربی ممالک کی ویکسین کا ٹرائل جاری ہے جو 2ماہ میں مکمل ہونیکا امکان ہے ۔ ویکسین کی خریداری کیلئے فنڈز کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ملک میں وینٹی لیٹرزکی قلت نہیں ہوگی۔ اسلام آباد میں ماسک کا لازمی استعمال پرہجوم مقامات کیلئے ہے ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا کہ ملک میں 70دن بعد کورونا ٹیسٹ مثبت ہونے کی شرح 3فیصد سے بڑھ گئی ، وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے احتیاط لازم ہے ۔ این سی او سی نے کچھ عوامی اورسماجی سرگرمیوں پر پابندیاں سخت کی ہیں۔دریں اثنا کورونا سے متاثرہ جوڈیشل افسروں و ملازمین کی تعدادمیں مسلسل اضافہ پر اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس کی11عدالتوں کو 14روز کیلئے بندکردیا گیا جبکہ جوڈیشل افسروں وملازمین کے ٹیسٹ شروع کردیئے گئے اور11 کی رپورٹ مثبت آگئی جن میں ایڈیشنل سیشن اورسول ججز صہیب بلال رانجھا، ملک امان، راجہ فرخ علی،عامر اعجاز،مجاہد رحیم جبکہ عدالتی عملہ ملک عبد الخالق،فیاض رسول،محمد رفیق ،شاہد حسین، سکندرخان اور وسیم ملک شامل ہیں۔ اسلام آبادبار کے صدر ملک ظفرکھوکھراور سیکرٹری نبیل طاہر مرزا کا کہناہے کہ ممبرز کے ایس او پیزپرعملدرآمد نہ کرنے سے حالات خطرناک ہو رہے ۔کورونا کیسز میں اضافہ کے باعث اسلام آباد ہائیکورٹ نے بائیومیٹرک تصدیق کا عمل ایک بارپھرتاحکم ثانی معطل کردیا۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید5اموات ہوئیں جبکہ273نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 116،راولپنڈی 71،وہاڑی6،گجرات 6،بہاولپور5،رحیم یارخان 2،منڈی بہاؤالدین 3،ملتان 23،سرگودھا2، سیالکوٹ3،میانوالی 6، اوکاڑہ1،گوجرانوالہ 5،بہاولنگر3،ڈیرہ غازیخان 5اورٹوبہ میں 3، چنیوٹ2،چکوال 2،جہلم 3کیسز رپورٹ ہوئے ۔پنجاب حکومت نے تمام تجارتی سرگرمیوں کے اوقات کار سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ،صوبہ میں تمام تجارتی سرگرمیوں اوراداروں کو رات 10بجے بند کر دیا جائیگا ۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکیپٹن (ر)محمد عثمان نے بتایا کہ تمام میڈیکل سروسز،فارمیسیز،میڈیکل سٹورز،ٹائر پنکچر شاپس،پھلوں اور سبزیوں کی دکانیں،تندور،آٹا چکیاں،پوسٹل اورکورئیرسروسز24گھنٹے کھلے رہیں گے ۔ڈرائیور ہوٹل،پٹرول پمپس،آئل ڈپو،ایل پی جی شاپس اور فلنگ پلانٹس،زرعی آلات ورکشاپس،سپئرپارٹس شاپس،پرنٹنگ پریس بھی مسلسل کام جاری رکھ سکیں گے ۔کال سنٹرز50فیصدعملے کیساتھاور ریسٹورنٹس سے ٹیک اوے ،ہوم ڈیلیوری سرویسز 24گھنٹے ہونگی۔تفریحی اور پبلک پارکس صبح7بجے سے شام 6بجے تک کھلے رہینگے ۔لازمی ماسک پہنے اور سماجی فاصلہ قائم رکھنے کے ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا رہنا ہو گا۔نو ماسک نو سروس کے قانون کو قائم،فیس ماسک،ہینڈ سینیٹائزر اور گلوز کا استعمال مسلسل جاری رکھا جائے ۔تمام صنعتی سرگرمیاں اور ادارے اس نوٹیفکیشن سے مستثنیٰ ہیں اورپہلے کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق جاری رہینگی۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق فوری طور پر لاہور،ملتان اور راولپنڈی ڈسٹرکٹ پر ہوگا۔ذرائع کے مطابق پارکوں میں پلے ایریاز بند کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ۔کورونا کیسزپر پنجاب سکواش کمپلیکس 4 نومبر تک بند کر دیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ ایک عہدیدار کے کورونا میں مبتلا ہونے پر کمپلیکس کو بند کیا گیا جبکہ دو کھلاڑیوں میں بھی وبا کی علامات پائی گئی تھیں۔اداکار عثمان مختار بھی وائرس کا شکار ہوگئے اور لوگوں سے صحت یابی کیلئے دعا کرنے کی درخواست کی ہے ۔ادھر مردان میں5طالبات اور عملہ کے 3 ارکان میں وائرس کی تصدیق پر پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن کو ایک ہفتے کیلئے بند کردیا گیا۔دنیا بھر میں ہلاکتیں 1184021ہوگئیں۔اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبہ کے سینئر رہنما اور رکن ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔روسی صدر پوتن نے کہا ہے کہ کیسز میں اضافے کے باجود ملک گیر لاک ڈاؤن کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ۔تیونس نے رات کا کرفیو نافذ کر دیا۔