وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی نئی اور خطرناک بھارتی قسم ڈیلٹا سے متاثرہ افراد کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے ۔کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے لیے حکومت فوج کی مدد لے سکتی ہے۔ دنیا بھر کے عالمی ادارے پاکستان میں کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کے معترف ہیں۔ حکومت کی طرف سے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران حفاظتی اقدامات کے باعث عید کے بعد کورونا کیسز کی شرح میں واضح کمی بھی آئی اور مثبت کیسز کا تناسب 2فیصد سے کم ہو گیا تھا مگرمثبت کیسز میں کمی کے ساتھ ہی عوام نے غیر محتاط رویہ اپنانا شروع کر دیا جس کے بعد مثبت کیسز کی شرح ایک بار بڑھنا شروع ہو گئی ہے ۔ کراچی میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 14فی صد تک پہنچ چکی ہے۔ حکومت نے متعدد بار عوام کو خبردر کیا تھا کہ اگر ایس او پیز پر سختی سے عملدآمد نہ کیا گیا تو کورونا کی چوتھی لہر مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے رپورٹ کیسز میں 50فیصد ڈیلٹا وائرس کے سامنے آ رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ مشیر صحت نے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے لیے فوج کی مدد حاصل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ بہتر ہو گا حکومت کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے فوج سمیت تمام اداروں کو متحرک کرے تا کہ بھارتی قسم کے پھیلائو کو روک کر بھارت جیسی ہولناک تباہی سے بچا سکے۔