لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیئن ہاکی فیڈریشن کی جانب سے مینز ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی ڈھاکہ2021 اور ویمنز ڈھونگائی ایشین چیمپئنز ٹرافی 2021 ملتوی کرنے کا اعلان۔ایشین ہاکی فیڈریشن نے دنیا بھر میں کویڈ 19 کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ایونٹ میں شریک ٹیموں اور ایف آئی ایچ کیساتھ مشاورت کے بعد مینز و ویمنز ایشیئن ٹرافی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایشین ہاکی فیڈریشن کے اعلامیہ کے مطابق ویمنز ڈھونگائی ایشین چیمپئنز ٹرافی 2021 ستمبر جبکہ مینز چیمپئنز ٹرافی ڈھاکہ 2021 اکتوبر میں منعقد کرانے کیلئے صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔اس حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے تمام کھلاڑیوں کو تیاریاں جاری رکھنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔