وفاقی حکومت نے پاکستان میں کورونا وائرس کی برطانوی ویکسین ’’آسٹرا زینکا کوویڈ۔19‘‘ کے ہنگامی استعمال کی منظوری دیدی ہے۔ یہ پہلی ویکسین ہے جس کے پاکستان میں استعمال کی منظوری دی گئی ہے۔ صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ڈرگ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ)ویکسین بنانے والی مختلف کمپنیوں سے رابطے میں ہے‘ ہم برطانوی کمپنی سے ویکسین کی 10لاکھ خوراکیں حاصل کر سکتے ہیں۔ اس وقت ملک میں کورونا کے مریضوں اور اس سے ہونے والی ہلاکتوں کے حوالہ سے صورتحال خاصی گھمبیر ہے اور اس امر کی متقاضی ہے کہ ملک میں ویکسینیشن کا عمل جلد شروع کیا جائے۔ اس وقت برطانوی کمپنی کی بنائی جانے والی کورونا ویکسین کے حصول کے لئے دنیا بھر کے ممالک کمپنی سے رابطے میں ہیں‘ لہٰذا ہمیں بھی صورتحال کی اس سنگینی سے باخبر رہتے ہوئے کمپنی سے پہلی دس لاکھ خوراکوں کے حصول کے لئے اقوام متحدہ سمیت تمام ذرائع کو کام میں لانا چاہیے ،خصوصاً برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشن کو اس سلسلہ میں فعال کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ ویکسین کی جلد خریداری کو ممکن بنایا جا سکے ۔ علاوہ ازیں چین اور روس کی بنائی گئی ویکسینز کا بھی جائزہ لے کر ان کے حصول کی کوشش کرنی چاہیے اور سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ یہ ویکسین تمام آبادی کو مفت لگائی جائے اور اس کی خریداری اور تمام صوبوں میں تقسیم کے عمل کو بھی صاف اور شفاف رکھا جائے تاکہ صوبوں کو شکایت کا موقع نہ ملے۔