اسلام آباد(نیٹ نیوز؍ 92 نیوز رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فخر ہے کورونا بحران میں میری ٹیم نے ملک کو درست سمت میں رکھا۔ اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر بلوم برگ کا ایک مضمون شیئر کیا جس کے مطابق یورپی ممالک یعنی جرمنی، اٹلی، فرانس، پرتگال وغیرہ میں مستقبل میں سمارٹ لاک ڈاؤن پر غور کیا جارہا ہے ۔مضمون کو شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن اختیارکرنے والوں میں میری ٹیم سرفہرست ہے ، مجھے فخر ہے کہ کورونا سے پیدا شدہ بحرانی کیفیت میں وطنِ عزیزکو پیہم درست سمت میں رکھنے کیلئے یہ تدبیر میرے کام آئی۔انہوں نے کہا آج سے اگر ہم ایس او پیز کا لحاظ رکھتے ہیں تو بحران کی سنگینی سے بخوبی نجات پالیں گے ۔