لاہور ،ملتان ،راولپنڈی،اسلام آباد، پشاور، نیویارک، نئی دہلی (جنرل رپورٹر ،نامہ نگار ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،کر ائم ر پو رٹر،سٹاف رپورٹر ،سپیشل رپورٹر، خبرنگار،نمائندگان ،92 نیوزرپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 67 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 4468 مثبت کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44279 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔ ملک میں کورونا کے فعال کیس42384جبکہ 2842 سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔پنجاب میں مزید 48 مریض جاں بحق ہو گئے جبکہ 2330 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ پنجاب میں 15 سال تک عمر کے 12462 بچے متاثر ہو چکے ، نومولود بھی شامل ہیں۔صرف لاہور میں متاثرہ بچوں کی تعداد 5301 ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں 92 بچوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور 1233، ننکانہ 23، قصور11، شیخوپورہ 23، راولپنڈی 222، جہلم 15، اٹک11، چکوال 4، مظفرگڑھ 2، حافظ آباد 5 ، گوجرانوالہ 62، سیالکوٹ 79، نارووال 8، گجرات 32، منڈی بہاؤالدین 7، ملتان 90، خانیوال 22، راجن پور 1، ڈیرہ غازیخان 17 ، وہاڑی 7 ، فیصل آباد 181، چنیوٹ 31، ٹوبہ10، جھنگ 17،رحیمیار خان ،سرگودھا 43، میانوالی1،خوشاب 3، بہاولنگر 9، بہاولپور31، لودھراں 2، بھکر 2، ساہیوال 22، پاکپتن 8 اوراوکاڑہ میں 56 کیس سامنے آئے ۔ ابتک3735705 ٹیسٹ کیے جا چکے ۔پولی کلینک ہسپتال اسلام آباد میں ایک ہفتے کے دوران 30 ہیلتھ ورکرز میں کورونا کی تصدیق ہوگئی، ابتک 212 فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کوروناسے متاثر ہوچکے ۔کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر فیصل آباد،گجرات،ملتان اور لاہور کے 52 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ۔لاہور27 ،فیصل آباد 19،گجرات 4اور ملتان کے 2 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ۔لاہور میں ایف ٹو جی اور این بلاک جوہر ٹائون،پی آئی اے سوسائٹی، آرکیٹیکٹ سوسائٹی، این ایف سی سوسائٹی،بی بلاک پریس کلب سوسائٹی ڈبل ایف،ڈبل سی ڈی ایچ اے فیز 4 جی بلاک فیز 5 ،چودھری پارک رشید روڈ،سعدی پارک مزنگ، سی اور بی بلاک ماڈل ٹائون,بی بلاک گلبرگ3،ڈی بلاک سٹیٹ لائف انشورنس سوسائٹی، اے بلاک بینکرز سوسائٹی، ایل بلاک ویلنشیاٹائون، مسلم پارک شاہدرہ،رضا بلاک،کامران بلاک، کریم بلاک، نرگس بلاک، گلشن بلاک، کالج بلاک اقبال ٹائون اور جی بلاک گلشن روای کے علاقوں میں 9 اپریل تک سمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا گیا ۔ فیصل آبا د میں کوہ نور ٹاؤن،خیابان کالونی نمبر 1،2اور3کینال روڈ،حسن ویلاز،ایڈن ویلی،ایڈن گارڈن،ایگزیکٹو بلاک،سید کالونی، پیپلز کالونی نمبر 1،آفیسرز کالونی1اور 2 ،عبداللہ گارڈن،ماڈل سٹی،مدینہ ٹاؤن،ٹیک ٹاؤن،امین ٹاؤن،ضیاء ٹاؤن،رضاء ٹاؤن، رضا ء گارڈن،فیصل ٹاؤن اورفصیل گارڈن میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ۔لاہور میں ماسک نہ پہننے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔ کمشنر لاہور کے مطابق ماسک نہ پہننے والوں کو تھانے میں بند کر کے مقدمہ درج کیا جائے گا،چھ ماہ قید بھی ہوسکتی ہے ۔سی سی پی او لاہور نے حکم دیاکہ شادی ہال، پبلک ٹرانسپورٹ اور پبلک مقامات پرکورونا ایس اوپیز پرعملدرآمد کرایا جائے ۔بغیر ماسک سواریاں بٹھانے والی گاڑیاں بند جبکہ بغیرماسک سفر کرنیوالوں کیخلا ف کارروائی ہو گی۔ڈی سی لاہور کے مطابق کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 21 دکانوں و سٹوروں و ریسٹورنٹس و میرج ہال سیل جبکہ 70 ہزار جرمانہ بھی کیا گیا۔ فیصل آبادمیں مزید 5شاپنگ مال اور 22 ریسٹورنٹ کو سیل ، 50 ہزار جرمانہ بھی کیا گیا۔پشاور میں 38دکاندارگرفتار اور 29دکانیں سیل کردی گئیں۔انجمن تاجران لاہور نے ہفتہ اور اتوارکے علاوہ تمام تعطیلات پر دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔صدرانجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ کا کہنا ہے لاہور کی مارکیٹوں کے صدور کی مشاورت کے بعد فیصلہ کیاگیا ۔کورونا کے باعث سندھ میں تمام مزار،درگاہیں آج سے 6 اپریل تک بند رہیں گی۔این سی اوسی نے کوروناایس اوپیزکی خلاف ورزی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی انتظامیہ کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ اسلام آباد میں این سی او سی کے اجلاس کے بعد نیوز بریفنگ دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا ہمیں نظر آرہا تھا وباکے پھیلاؤمیں اضافہ ہو گا ۔ لوگوں کو اندازہ نہیں کتنی خطرناک صورتحال کا سامناہے ۔ پنجاب، آزاد کشمیر، کے پی میں کورونا کی برطانوی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے ۔کیسز میں اسی رفتار سے اضافہ ہوتا رہا توآئندہ ہفتے تک ہم وبا کی پہلی لہر کے عروج کی سطح عبور کر جائیں گے ۔ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہونے کے قریب ہے ، پاکستانی فیصلہ کرلیں وباکے خاتمے کی پالیسی پر عمل کرنا ہے تو ہم کامیاب ہونگے ۔ ہمارا مقصد خوف پھیلانا نہیں ، یہ لیڈر شپ دکھانے کا وقت ہے ، یہ پیغام پھیلانے کا وقت ہے کہ لوگوں کووبا سے بچائیں۔ ہمیں ملکر وبا کا مقابلہ کرنا اور اپنے لوگوں کا دفاع کرناہے ،جس تیزی سے وبا پھیل رہی ہے اگر ہم نے فوری اور بروقت اقدامات نہ کیے تو ایسی صورتحال بھی ہو سکتی ہے کہ ہمیں اس سے زیادہ پابندیاں عائد کرنی پڑیں۔دریں اثناء دنیا بھر میں ہلاکتیں27 لاکھ 84 ہزار جبکہ کیس12کروڑ71لاکھ سے بڑھ گئے ۔ بھارت میں 61ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ،بالی ووڈ اداکار پاریش راول اور لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر بھی کورونا کا شکار ہوگئے ۔عالمی ادارہ صحت نے امیر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد سے جلد غریب ملکوں کو ویکسین کی خوراک کے عطیے کو یقینی بنائیں۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق ابھی تک 36 ملکوں کو ویکسین کی ایک بھی خوراک نہیں ملی ہے ۔