اسلا م آباد ،لاہور (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان میں مہلک وبا کورونا سے مزید4افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی کل تعداد 6424ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں 582نئے مریض رپورٹ ہوئے اور مریضوں کی کل تعداد306886ہوگئی جبکہ ایکٹوکیسز کی تعداد 7303رہ گئی، 570 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور293159صحتیاب ہو چکے ہیں۔دریں اثناپاکستان میں کورونا وبا سے بچاؤ کی ویکسین کی انسانوں پر آزمائش بھی باقاعدہ طور پر شروع ہو گئی ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ویکسین کینسینوکا کلینکل ٹرائل چین کے تعاون سے شروع کیا گیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے بیان میں کہا کہ پاکستان میں چینی کمپنی کی کورونا ویکسین کے تیسرے مرحلے کا آزمائشی آغاز ہو گیا ہے ، ٹرائل میں 7 ممالک کے 40 ہزار افراد رضاکارانہ شریک ہونگے ۔ آزمائشی مرحلے میں 8 سے 10 ہزار پاکستانی ہونگے ۔ اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں آج سے دوسرے مرحلے میں مڈل سکول، چھٹی سے آٹھویں تک کلاسز کھولنے کی اجازت دیدی گئی۔پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے تعلیم نے فیصلے پر عملدرآمد کا اعلان کیا۔تاہم وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں مڈل کلاسز 28 ستمبر سے ہی ہونگی۔ این سی او سی اجلاس کے بعدمیڈیا کوبریفنگ میں شفقت محمودنے کہا سکول انتظامیہ کوروناایس اوپیزپرعمل کرائے ،سندھ حکومت نے بھی مزید ایک ہفتے کا وقت مانگا ہے ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ ایک بھی کورونا کیس نکلا تو سکول کو بند کر دیا جائیگا۔ برطانوی ادارے ڈیفیڈ کی امداد سے 11 اضلاع میں طلبہ کیلئے 41 کروڑ کی کتابیں دی جا رہی ہیں ۔ صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولزفیڈریشن کاشف مرزا نے کہا کہ سندھ حکومت بھی این سی اوسی کے فیصلوں کا احترام کرے ۔علاوہ ازیں حکومت پاکستان نے سرکاری دفاتر کیلئے نئے ایس او پیز جاری کر دیئے ۔ دنیا بھر میں کورونا سے 972577اموات ہو گئیں،کیسزکی تعداد31674091ہوگئی۔ امریکہ میں مریضوں کی تعداد 7065934 ہو گئی اورمزید565اموات کے بعد205067جان کی بازی ہار چکے ۔بھارت میں 80336نئے کیس سامنے آئے ، مزید1056 ہلاک ہوگئے ۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کیلئے سخت پابندیوں کا اعلان کردیا، پابندیوں کی پہلی بار خلاف ورزی پر ہی 200 پاؤنڈ تک جرمانہ ہوگا۔مئیر لندن صادق خان نے اپیل کی کہ لوگ ماسک پہنیں۔