لاہور ( سپیشل رپورٹر ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کو محدود سے محدودرکھنے کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں افسران واہلکارپہلے سے زیادہ تندہی اور جذبہ خدمت کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں اور حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایاجائے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ افسران خود فیلڈ میں نکل کر ایس او پیز کی پاسداری کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں، انہوں نے مزیدکہاکہ صوبہ بھر میں ادویات اور اشیائے خوردونوش سمیت ضروری سازو سامان کی گاڑیوں کی آمدورفت میں کوئی رکاوٹ نہ آنے پائے جبکہ مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر کاروائیاں جاری رکھی جائیں ، ان خیالات کا اظہارآئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے سنٹرل پولیس آفس میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو بتایا گیا کہ 6جون سے جاری آپریشن کے دوران صوبہ بھر میں مارکیٹوں اور بازاروں میں اب تک مجموعی طور پر 172948دکانوں کو چیک کیا گیا ہے جن میں خلاف ورزی پر19744 دکانوں کو سیل اور بندکیا گیاہے ۔ شاہرات پر 239805 موٹر سا ئیکلوں، 76161گاڑیوں اور 48335 پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو چیک کیا گیا جن میں سے مجموعی طور پر 107848 موٹر سائیکلوں،گاڑیوں اور ٹرانسپورٹ وہیکلز کو ہدایات کی خلاف ورزی پرسول ایڈمنسٹریشن نے جرمانے عائد کئے ۔