لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر اخترملک نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کورونا کیخلاف اقدامات کر رہی ہیں، یہ بہت خطرناک بیماری ہے میں خود اس کا شکار رہا ہوں ،میری پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ اس بیماری کو بیماری سمجھیں اوراحتیاط کریں ،پیپلزپارٹی کے رہنما امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے آج بھی یہی کہا ہے کہ اگر عوام خود حفاظت نہیں کرینگے تو اس کو روکنا مشکل ہوجائے گا۔لوگ وبا کو سنجیدہ لیں ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ میری خواہش تو یہ ہے کہ مریم نواز ٹویٹ پر اکتفا نہ کریں باہرنکلیں لیکن کورونا کی وجہ سے شاید یہ ممکن نہیں ہوگا۔ سنیئر صحافی رانا عظیم نے کہا ہے کہ ابھی تک تو پنجاب میں دو لاکھ ٹیسٹ نہیں ہوئے کسی نے 6لاکھ 70 ہزار افراد کی رپورٹ کیسے بنادی ،یہ سمری خوف پیدا کرنے کیلئے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اجیت دوول کو بظاہرتو عہدے سے ہٹایاجائے گا میری اطلاع کے مطابق وہ منظر سے شاید غائب ہوجائیں گے لیکن وہ اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد اوررا کے ساتھ مل کراپنے اصل پلان کو آگے بڑھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس اطلاع ہے کہ ایک بار پھر برطانیہ سے پیسوں کی بہت بڑی کمک پاکستان پہنچ گئی ہے اوربجٹ کے فوری بعد مولانا فضل الرحمان ایکٹو ہونگے ۔دفاعی تجزیہ کار جنرل ریٹائرڈ محمد منشا نے کہاکہ بھارت نے فیس سیونگ کیلئے اجیت دوول کو غائب کیا ہے لیکن اس کی پالیسی جاری رہے گی ۔ سربراہ جوانان پاکستان اورماہر امورکشمیر عبداللہ حمید گل نے کہا ہے کہ امریکہ کوسی پیک نہیں بھارہا ہے اس کو وہ کسی نہ کسی طرح سے سبوتاژ کرنا چاہتا ہے ۔