پاکپتن ، شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹرز) شیخوپورہ اور پاکپتن کے نواحی علاقوں فرید کوٹ اور سکندر چوک میں نوسر بازوں نے وزیر اعظم ریلیف فنڈ کے نا م پر لوگوں کو لوٹنا شروع کر دیا ، تین نو سر بازوں کو گرفتار کرلیا گیا، ایک فرار ہوگیا، تھانہ صدر کے علاقے فرید کوٹ میں چوکی فرید کوٹ پولیس نے نو سر باز سعید اور آصف کو گرفتار کیا، دونوں دیہات میں مساجد میں اعلان کرا کر فہرست میں نام درج کر انے کے بہانے شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور شناختی کارڈ وصول کرنے میں مصروف تھے ، پولیس کو اطلاع ملی کہ نواحی گاؤں سدھو ملیکا میں شہریوں کو لوٹا جارہا ہے ، پولیس نے پہنچ کر دونوں کو گرفتار کرلیا ، رقم اور شناختی کارڈ قبضہ میں لے لئے گئے ، سکندر چوک پولیس نے بھی اطلاع ملنے پر شبیر کو گرفتار کیا، ملزمان بونگہ حیات سکندر چوک میں کئی دیہاتوں میں لوگوں کو ریلیف فنڈ کی جعلی رسیدیں دے کر ہزاروں روپے وصول کر رہے تھے ، سکندر چوک پولیس نے شبیر کو گرفتار کر لیا ، ساتھی فرار ہو گیا ۔ شیخوپورہ میں غریب خاندانوں کیلئے مالی امداد کا جھانسہ دیکر ان میں 60روپے تک فارم فروخت کرنیوالے گروہ کے سرغنہ نصیر احمد کو پولیس نے گرفتارکرلیا ، ساتھی وسیم ظفر کوپولیس نے مبینہ مک مکا کرکے چھوڑ دیا ،بھکھی روڈ کے متاثرین کے احتجاج پرپولیس نے نصیر احمد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ، نصیر اور وسیم 60 روپے تک فارم فروخت کر رہے تھے ، ایس ایچ او رانا اقبال نے کہا تحقیقات میں مک مکا کرنا ثابت ہوا تو ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرینگے ۔