لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ کورونا ہماری زندگیوں میں آچکا ہے ،قابو پانے کیلئے عوام ساتھ دیں ، ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کردیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اورصوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمو دالرشید نے ملاقات کی،جس میں پنجاب میں کوروناوباء کا پھیلاؤ روکنے ،ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں اورآئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں اب تک تقریباً 2 لاکھ24ہزار ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔6ہزار 338مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔گزشتہ24گھنٹے کے دوران تقریباً5400ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کوروناپر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے ۔سماجی فاصلے برقرار رکھنے سے ہی بیمار ی کا پھیلاؤکم ہوگا۔کوروناہماری زندگیوں میں آچکا ہے ،اب احتیاط سے ہی زندگی بسرکرنا ہوگی۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں۔عوام کی حفاظت کیلئے مزید اقدامات بھی کریں گے ۔دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں ٹڈی دل کے تدارک کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ٹڈی دل کے خاتمے کی مہم کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کردیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے 24گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ٹڈی دل کے خاتمے اورفصلوں کو بچانے کیلئے ایک ارب روپے کے وسائل فراہم کیے ہیں۔17متاثرہ اضلاع میں ٹڈی دل کی موثر نگرانی کا عمل جاری ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس جمع کرائی جائے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا سے متاثرہ صوبائی وزراء اختر ملک اورراجہ راشدحفیظ کو ٹیلی فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔وزرا نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے کورونا وائرس سے شہید ہونیوالی لیڈی ڈاکٹرثناء فاطمہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرثناء فاطمہ نے جرات اورقربانی کی لازوال مثال قائم کی۔وزیراعلیٰ نے ثناء فاطمہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجا ب نے چیئرمین پنجاب قرآن بورڈمولانا غلام محمد سیالوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے چیئرمین پیمراسلیم بیگ کی والدہ کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے آرپی او فیصل آبادراجہ رفعت مختارکے بھائی کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحومین کی ا رواح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔وزیراعلیٰ نے بہاولپورکے علاقے خیر پور ٹامیوالی کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس کرتے ہوئے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔