اسلام آباد،لاہور ،نیویارک ( نیوز ایجنسیاں ،جنرل رپورٹر ، نیٹ نیوز ) کورونا سے مزید33 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں انتقال کرنے والے کل مریضوں کی تعداد12837تک پہنچ گئی جبکہ 1315نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ78ہزار797تک پہنچ گئی،صوبائی وزیر تعلیم برائے سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا،امریکی ایوان نمائندگان نے کورونا سے نمٹنے کیلئے صدر جو بائیڈن کا 19 کھرب ڈالر کا امدادی پیکیج منظور کر لیا ۔ این سی اوسی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں 5 لاکھ44 ہزار404 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں ، تشویشناک مریضوں کی تعداد1538 ہے ، 24گھنٹوں میں 2013مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے جبکہ 39086نئے ٹیسٹ کئے گئے ۔ ۔ پنجاب میں کورونا کے 595نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور 379،ننکانہ4،شیخو پورہ4،راولپنڈی15 ، گوجرانوالہ 20کیسز، سیالکوٹ 12 ،گجرات43،فیصل آباد48،ٹوبہ 14 ، سرگودھا 7 ،ساہیوال 2 اوراوکاڑہ میں 1 کیس رپورٹ ہوا، کورونا سے مزید14ہلاکتیں ہوئیں ۔ مراد راس کا کہنا تھا کہ کورونا کا خدشہ ابھی ٹلا نہیں ہے ، اللہ تعالیٰ سب کو کورونا سے محفوظ رکھے ۔ کورونا کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں2529393ہو گئیں ،کیسز8کروڑ95لاکھ42ہزار سے تجاوز کر گئے ۔ امریکہ کورونا سے متاثرہ ممالک میں پہلے ،بھارت دوسرے نمبر پر ہے ۔ سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور نے بتایا ہے کہ کورونا کے خطرے کے پیش نظر پانچ مساجد کو نماز کے لیے بند کیا گیا ہے جبکہ 141مساجد کو حفاظتی اقدمات کے بعد کھول دیا گیا ہے ۔امریکی ایوان نمائندگان نے تاریخی امدادی پیکیج منظور کر لیا ہے ، قرارداد کے حق میں 219 جبکہ مخالفت میں 212 ووٹ آئے ۔ ریلیف پیکیج کا مقصد وبا کے باعث معاشی مشکلات شکار اور بیروزگار ہوجانے والے لوگوں کی مالی اعانت کرنا ہے ۔ دبئی میں نافذ کورونا ایس او پیز میں ماہ رمضان تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یورپی یونین کے رہنمائوں نے ایک ورچوئل سمٹ میں شرکت کی ہے جس کے بعد یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈیئر لائن نے یورپی کونسل کے صدر مشیل چارلس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اب تک یورپ کی آٹھ فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جا چکی ہے ۔ مشرقِ وسطی میں متعین دو امریکی جنگی بحری جہازوں میں کورونا وبا پھیلنے کی تصدیق کے بعد امریکی عسکری انتظامیہ نے ان دونوں بحری جہازوں کو واپس بحرین طلب کر لیا ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی حکام نے اپنے ہی شہریوں کو چکما دیتے ہوئے کچی آبادی کے مکینوں پر دھوکے سے ویکسین کا تجربہ کیا۔