اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،ملتان،ڈیرہ غازیخان، لندن( نیٹ نیوز، صباح نیوز،این این آئی،جنرل رپورٹر،خبر نگار،سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ) کورونا وائرس سے ملک بھر میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے ، کل اموات کی تعداد 28558 ہوگئی،گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں 400نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح0.94 فیصد رہی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کوروناکے 81 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبہ بھر میں ایکٹو کیسز کی کل تعداد 6,954 ہو گئی ، پنجاب میں کورونا کے باعث 5 شہری جان کی بازی ہار گئے ۔ راولپنڈی سے 2 جبکہ لاہور ، فیصل آباد اور ڈیرہ غازی خان سے 1 ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔ صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کورونا کے مثبت کیسزکی مجموعی شرح 0.5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔ دوسری طرف چینی ویکسین سائنو فارم، سائنو ویک اور بھارتی کوویکسن کیساتھ ویکسینیٹڈ افراد کو برطانیہ کا سفر کرنے کے لئے اہل قرار دیدیاگیا۔پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سے برطانیہ سفر کرنے والوں کیلئے یہ بڑی خوشخبری ہے ، پاکستان سے ان ویکسینز کے ساتھ ویکسینیٹڈ افراد بھی 22 نومبر سے برطانیہ جا سکیں گے ۔دریں اثناوفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان شریک ہوئے ۔اجلاس میں ملک بھر میں جاری کورونا ویکسی نیشن مہم کا جائزہ لیا گیا ۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے خبردار کیا کہ کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ سردی کے موسم میں سر اٹھا سکتا ہے ۔ ادھرامریکی سفری پابندیاں ختم ہونے پر لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سے امریکہ کیلئے دو پروازیں روانہ ہوگئیں۔