لاہور،اسلام آباد ،پشاور، ملتان، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم ،92نیوزرپورٹ، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں) ملک میں کورونا سے ایک دن میں ریکارڈ47ہلاکتیں جبکہ مزید 1226کیس سامنے آگئے ، متاثرین کی تعداد17699ہوگئی جبکہ 408افراد جاں بحق ہوچکے ۔جمعہ کو سندھ سے 622 کیس اور6 ہلاکتیں، خیبرپختونخوا 486 کیس اور 39 ہلاکتیں،بلوچستان 87 کیس ، اسلام آباد 30 کیس جبکہ گلگت بلتستان سے صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ سندھ میں سب سے زیادہ6675، پنجاب 6340، خیبر پختونخوا 2799، بلوچستان 1136، اسلام آباد343 ، گلگت بلتستان 339 جبکہ آزاد کشمیر میں66 مریض رپورٹ ہوچکے ۔ ملک میں کورونا کے 4351 مریض صحتیاب ہوچکے ،142 متاثرین کی حالت تشویشناک ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 3384 ٹیسٹ کیے جس میں سے 622 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ سندھ میں متاثرین کی تعداد 6675 ہوگئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ، ابتک مرنے والوں کی تعداد 118 ہو گئی۔واضح رہے یہ سندھ میں ایک دن میں آنے والے ابتک سب سے زیادہ کیس ہیں۔ نئے کیسز میں 446 کراچی میں ریکارڈ کیے گئے ۔ یہ تعداد کراچی میں ایک دن میں آنے والے کیسز کی بھی سب سے بڑی تعداد ہے ۔خیبر پختونخوا حکومت نے جمعرات کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے تھے تاہم جمعہ کو جاری اعداد و شمار میں مزید 486 کیس اور 39 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔خیبرپختونخوا میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 2799 اور ہلاکتیں 161 ہوچکی ہیں جبکہ ابتک 690 افراد صحتیاب ہوچکے ۔وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 30 کیس سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ۔پورٹل کے مطابق نئے کیس سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 343 ہوگئی جبکہ شہر میں وائرس سے ابتک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ۔ملک بھرمیں ابتک 182,131افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ۔ لاہور کے علاقے دھرم پورہ گلستان کالونی کے ایک ہی گھر میں کورونا کے 15مریض سامنے آگئے جس کے بعد انتظامیہ نے دھرم پورہ گلستان کالونی کی گلی نمبر9 کو سیل کر کے پولیس تعینات کردی ۔ متاثرہ افراد میں 5 خواتین 2 بچے اور 8 مرد شامل ہیں، متاثرہ خواتین اور بچوں کو میو ہسپتال جبکہ مردوں کو ایکسپو سنٹر منتقل کردیا گیا ۔ شوکت خانم ہسپتال کے 50سالہ سینئر ترین ڈاکٹر بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ، ان کا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کو سروسز ہسپتال کی آئیسولیشن وارڈ میں داخل کرا دیا گیا ۔ علامہ اقبال میمور یل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں 2 ڈاکٹرز کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ۔گو جرانوالہ ریجن میں 788کنفرم مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علا ج ہیں جبکہ ابتک 8متاثرین جاں بحق ہو چکے ۔ حکام کا کہنا ہے کورونا کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز کمی ہو رہی ہے ۔ توقع ہے 15مئی تک گوجرانوالہ ریجن کرونا فری قرار دیدیا جا ئے گا ۔ نشتر ہسپتال ملتان میں دم توڑنے والے 60 سالہ حسین احمد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی۔نشتر ہسپتال میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 19 ہو گئی۔ فتح جنگ میں خاتون سمیت مزید چار افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہو گئی ۔ متاثرہ علاقوں گلی مسجد ملاں بخاری والی، اٹک روڈ نئی آبادی کو سیل کر دیا گیا ۔تفتان بارڈر سے ساہیوال منتقل کئے جا نے والے 116افراد میں سے 111کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ آ گئی ۔111 میں سے 103افراد کے ٹیسٹ رزلٹ نیگیٹو آ ئے جن کو انتظامیہ نے گھروں کو واپس بھیج دیا جبکہ 8افراد کے ٹیسٹ زلٹ پازیٹو آنے پر انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ کارڈیالوجی ملتان انتظامیہ کی جانب سے مس کنڈکٹ و دیگر الزامات پر لیبارٹری ٹیکنیشن حفیظ کی خدمات سیکرٹری صحت کے سپرد کر دی گئی تھیں جس میں تین روز قبل کورونا پازیٹیو آگیا ، جسے کارڈیالوجی کالونی سے نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ،ادھر فیملی کا کورونا ٹیسٹ لینے پر بیوی ارم جو کارڈیالوجی آپریشن تھیٹر میں ٹیکنیشن ہے اور چھ سالہ بیٹی انصی فاطمہ اور ساتھ رہنے والے ارم کے کزن نصیر جو کارڈیالوجی میں ہی ٹیکینیشن بھی ہے میں کورونا کی تصدیق ہو گئی ۔چاروں نشتر ہسپتال کے آئی سو لیشن وارڈ میں زیر علاج ہیں۔کارڈیالوجی ہسپتال کے 4 آپریشن تھیٹر سپرے کر کے بند کر دئیے گئے ، رابطے میں رہنے والے دیگر ملازمین کو آئی سو لیٹ کر دیا گیا۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے بتایا کہ دوروزکے دوران لاہورکے میوہسپتال، ایکسپوسنٹر قرنطینہ سنٹر، پی کے ایل آئی ودیگرہسپتالوں سے کوروناوائرس کے مزید114 مریض صحتیاب ہوگئے ۔ ابتک لاہورکے مختلف ہسپتالوں سے کوروناوائرس کے 648 مریض صحتیاب ہو چکے ۔صوبہ بھرمیں مجموعی طورپر1921 مریض صحتیاب ہوچکے ۔لاہورمیں پولیس نے لاک ڈاؤن میں تین گھنٹے کیلئے ناکوں پر سختی شروع کردی۔ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید کے مطابق شہریوں کے غیر ضروری گھروں سے نکلنے کو کم کرنے کیلئے لاہور پولیس ناکوں پر 24 گھنٹے میں تین گھنٹے سختی کرے گی۔ صبح 10 سے 11، سہ پہر 4 سے 5 اور رات 9 سے 10 بجے کے دوران ناکوں پر سختی کی جائے گی۔ سندھ میں رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو بھی دوپہر 12بجے سے 3بجے تک کرفیو جیسا سخت لاک ڈائون کیا گیا۔ عوام کے گھروں سے باہر نکلنے پرمکمل پابندی اور مختلف شاہراہوں اور چوراہوں کو خار دار تاریں لگا کر بند رکھا گیا۔مساجد اورامام بارگاہوں پرپولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔پولیس نے 12 بجتے ہی تمام دکانیں بند کرادیں،ٹریفک کوبھی سڑکوں پر آنے نہیں دیا۔تجارتی وکاوباری مراکز مکمل بند رہے ۔اوپی ڈیزبند ہونے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن پورے رمضان جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔23 اپریل کوجاری نوٹیفکیشن کو توسیع دیدی گئی،لاک ڈاؤن کے تحت پابندیاں اوراستثنیٰ برقراررہیں گے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کے اجلا س میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کسی بھی کاروبار کو کھلا رہنے کی اجازت ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد سے مشروط ہو گی۔خلاف ورزی پرجرمانہ اور دکان سیل کرنیکافیصلہ بھی کیا گیا۔اجلا س میں کور کمانڈر پشاوربھی شریک ہوئے ۔ بلوچستان میں کورونا کیسز میں تشویشناک اضافے کے بعد بلوچستان کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کرفیو نافذ کرنے کی تجویز دیدی جبکہ محکمہ داخلہ نے تجویز رد کردی۔ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد3,372,285جبکہ ہلاکتیں 238,084ہو گئیں،1,070,792مریض صحتیاب ہوچکے ،49,974 کی حالت تشویشناک ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید4,260افراد ہلاک جبکہ 68,364 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔امریکہ میں ہلاکتیں65ہزار جبکہ متاثرین 11لاکھ سے بڑھ گئے ۔امریکہ1,163،برطانیہ 739،سپین281، اٹلی269،فرانس218،کینیڈا203،ایکواڈور163،میکسیکو127،برازیل116،روس96، ترکی 84، ایران میں مزید 63مریض چل بسے ۔نیویارک میں میتیں رکھنے کی جگہ کم پڑگئی۔نیو یارک میں ایک مردہ خانے کے باہر کھڑے ٹرکوں سے درجنوں لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔فیونرل ہوم انتظامیہ کا کہنا ہے وہ لاشوں کودفنانے یا جلانے کیلئے کئی کئی دن انتظار کرنے پر مجبور ہیں جبکہ لاشیں رکھنے کیلئے جگہ کم ہے ۔امریکہ میں سماجی دوری کی وفاقی گائیڈ لائنز کی میعاد ختم ہونے کے بعد کاروبار کھولنے کا فیصلہ مقامی قانون دانوں کے ہاتھ میں چلا گیا۔میڈرڈ میں کورونا کے مریضوں کیلئے بنایا گیا سب سے بڑا ہسپتال بند کر دیا گیا،طبی عملے اور شہریوں نے آخری مریض کے صحتیاب ہونے پر گیت بھی گائے ، اس ہسپتال میں 4 ہزار مریض زیر علاج تھے ، صحتیاب ہونے والے آخری مریض نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کا شکریہ ادا کیا۔ کیلیفورنیا کے گورنر نے ساحل سمندر عوام کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔چین میں کرونا و کے صرف 12 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔بیجنگ میں متعدد عوامی پارکس اور میوزیم شہریوں کیلئے دوبارہ کھول دئیے گئے ۔بھارت نے لاک ڈاؤن میں چار مئی سے مزید دو ہفتوں کی توسیع کر دی۔ترکی کے 31 شہروں میں آئندہ تین روز کیلئے دوبارہ لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ مشی گن میں درجنوں مسلح مظاہرین نے سڑکوں پر نکل کر لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ملائیشیا نے 4مئی سے ملک بھر میں زیادہ تر کاروبار کھولنے کا اعلان کردیا ۔ کوالالمپور کے مینارہ سٹی ون اپارٹمنٹ میں اوورسیزپاکستانیوں سمیت کئی افرادگرفتار کرلیے گئے ۔گرفتاراوورسیزپاکستانیوں نے حکومت سے مدد کی اپیل کردی۔ مینارہ سٹی ون کو چند ہفتے قبل کورونا کیسز سامنے آنے پر سیل کیا گیا تھا۔