اسلا م آباد ،لاہور، سیالکوٹ، راولپنڈی، کراچی، پشاور ،کوئٹہ ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید18افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد7248ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں2547نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 365927جبکہ فعال کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور انکی تعداد 32005ہو گئی،1535مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور326674صحتیاب ہو چکے ۔ پاکستان میں کورونا سے انتقال کرنیوالے مریضوں کی شرح 2 فیصد جبکہ صحتیاب ہونیوالوں کی شرح 89.3تک پہنچ گئی۔ اسلام آباد میں2 مریض جاں بحق ہوئے ۔وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات کوملازمین کے کورونا سے متاثر ہونے پر ایک روزکیلئے بندکردیاگیا۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید10مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ658نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 304،راولپنڈی61،قصور2،فیصل آباد میں 15کیسز رپورٹ ہوئے ۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ذیشان جاوید کا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس پر خود کو ڈی سی ہاؤس میں قرنطینہ کر لیا ۔نشتر ہسپتال ملتان میں مزید3مریض جاں بحق ہو گئے ۔ کورونا کیسز پرکامسیٹس کا لاہور کیمپس 4دسمبرتک بند کردیا گیا۔طلبہ میں کورونا کی علامات پرگورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے بی ایس آنرز بائیو ٹیکنالوجی کی کلاسز آن لائن سسٹم پر شفٹ کر دیں۔راولپنڈی میں متعدد طلبہ اور ملازمین کے ٹیسٹ مثبت آنے پر مزید 6سکولوں کو 28نومبر تک سیل کردیا گیا۔گورنمنٹ ڈگری کالج خواتین عارفوالا کو طالبہ کا ٹیسٹ مثبت آنے پر 22 نومبر تک بند کردیا گیا۔ اسلام آباد کے مزید 7 تعلیمی اداروں کو کورونا کیسزپرسیل کردیا گیا۔پشاور یونیورسٹی میں مزید دوکیسز پر انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ کانفلیکٹ سٹیڈیز کو 14دن کیلئے بند کردیا گیا تاہم کلاسزآن لائن ہونگی۔ ضلع پاکپتن میں مریضوں کی تعداد 34ہو گئی ۔ملکہ ہانس میں کورونا کیس پر سرکاری ہائی سکول تین یوم کیلئے بند کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیر قانون پنجاب بشارت راجہ کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ایوان وزیر اعلیٰ میں ہوا جس میں سکولوں کی بندش پر بحث ہوئی ۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے سکولوں میں چھٹیوں کیساتھ بچوں کے گھرسے غیر ضروری نکلنے پر بھی پابندی عائد کرنے کی تجویز دی ۔انہوں نے کہا کہ سکول بند کرنے ہیں تو پھر حکومت بچوں کے شاپنگ مالز اور پارکس جانے پر بھی پابندی لگائے ۔ بچے سیرو تفریح پر نکل جاتے ہیں تو پھر سکول بند کرنیکا کیا فائدہ۔صوبائی وزیر قانون نے مراد راس کی تجویز کو سراہا اور آئندہ این سی او سی کے اجلاس میں پیش کرنیکا کہا۔میڈیا سے گفتگو میں مراد راس نے کہا کہ چھٹیوں سے متعلق اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے ، تاہم فیصلہ 23 نومبر کو ہوگا۔ کورونا کے بڑھتے کیسز پر سخت فیصلے کرنا ہونگے ۔حالات دوبارہ خراب ہو رہے ، صحت پہلی ترجیح ، کورونا قانون سب کیلئے برابر ہوگا۔ ایس او پیز پر سب پرائیویٹ سکولوں کو عملدرآمد کرنا ہوگا۔ حکومتی رٹ کو کوئی چیلنج کرسکتا نہ پرائیویٹ سکولز مرضی سے کھل سکیں گے ۔ادھر محکمہ تعلیم بلوچستان نے کورونا کی دوسری لہر کے باعث صوبے بھر میں نومبر کے آخر میں ہونیوالے پہلی سے مڈل تک کے سالانہ امتحانات ملتوی کردئیے جوکہ اب 10مارچ سے ہونگے ۔ سیکرٹری تعلیم شیرخان بازئی نے بتایا کہ سالانہ امتحانات کے فوراً بعد نئے تعلیمی سال کا آغاز کردیا جائیگا، رواں سال کے مڈل کے سٹینڈرڈ امتحانات متعلقہ سکولز خود لیں گے ۔سکولوں کے رزلٹ پر مڈل سٹینڈرڈ کی امتحانات کے سرٹیفکیٹ بلوچستان اسیسمنٹ اینڈ ایگزامینیشن کمیشن جاری کریگا۔ عالمی ادارہ صحت مشرقی بحیرہ روم کے وزرائے صحت کی ورچوئل پریس بریفنگ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ درپیش چیلنجز اور مشکلات کے باوجود پاکستان نے کوروناکی وبا پر قابو پانے کیلئے پختہ عزم کر رکھا ہے ۔ دنیا بھر کے ممالک کی طرح ہم بھی صورتحال کے مطابق بروقت اور ضروری اقدامات کررہے ہیں۔ اپنے وسائل اور استعداد کار کو بروئے کار لا اور تمام ایمر جنسی ہیلتھ کیئر اداروں میں انفیکشن کی روک تھام کو یقینی بنارہے ہیں۔ پاکستان صرف کورونا وائرس سے ہی متاثرہ ملک نہیں بلکہ ہمارے عوام کو قدرتی آفات، عدم تحفظ اور کئی دیگر ایمر جنسی حالات کا بھی سامنا ہے ۔ پاکستان نے وبا کے آغاز سے ہی اس کو پھیلنے سے روکنے میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں، تاہم دیگر ممالک کی طرح لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے اکتوبر میں کورونا کیسز دوبارہ سامنے آنا شروع ہو گئے ۔ عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تاکہ کورونا پر قابو پانے میں ہماری کامیابیوں سے استفادہ کیا سکے ۔علاوہ ازیں ہفتہ برائے اینٹی بائیوٹک آگاہی کے حوالے سے بیان میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ اینٹی بائیوٹک ادویہ سے کئی مہلک بیماریوں کا علاج کیا جاتا ،تاہم انکے اثر میں کمی آ رہی ۔اینٹی بائیوٹک ادویہ کیخلاف جراثیم کی مزاحمت سے نمٹنے کیلئے حکومت نے نیشنل ایکشن پلان بنایا ہوا ہے ۔پارلیمانی سیکرٹری صحت نوشین حامدنے پروگرام ’’ صبح سویرے پاکستان ‘‘ میں کہا کہ تین ذرائع سے کورونا ویکسین حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، فارماسیوٹیکل کمپنیوں کیساتھ بات چیت جاری ہے ، چینی ویکسین کے ٹرائل پاکستان میں چل رہے ہیں،امید ہے رواں ماہ کے آخر تک معاہدہ ہوجائیگا۔ ہوسکتا ہے متاثرین کو ہر سال ویکسین لگوانی پڑے ، کووڈ ویکسین ایک بار نہیں بلکہ بیجز میں ملے گی۔دنیا بھر میں ہلاکتیں13لاکھ62ہزارسے زائدہوگئیں۔ 1 کروڑ 58 لاکھ سے زائدمریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیر علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں جن میں سے 1 لاکھ 1 ہزار 435 کی حالت تشویش ناک ہے ۔امریکہ میں کورونا کی لہر میں شدت کے بعد نیویارک میں سکولوں کو ایک بار پھر بند کردیا گیا۔ میئر نیویارک ڈی بلاسیو نے سکولز بند کرنے کا اعلان کیا جبکہ فیصلے کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ بندی کی جارہی ہے کہ جیسے ہی کورونا کیسز کی شرح کم ہوتو کلاسوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی طرف واپس آیا جائے ۔بھارتی فلمی اداکارسلمان خان اور اہلخانہ نے کورونا کے خطرے کے پیش نظر خود کوقرنطینہ کرلیا۔ سلمان کے ڈرائیور اور2 گھر یلو ملازمین میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔جرمنی میں کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے نئے لاک ڈائون اور نئی قانون سازی کیخلاف برلن میں بڑا مظاہرہ کیاگیا جس میں انتہائی دائیں بازو کے شدت پسند بھی شامل تھے ۔ تاریخی برانڈن برگ دوازے کے قریب جمع افراد اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ پولیس نے 190 مظاہرین کو حراست میں لے لیا، جھڑپوں میں 9پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔