لاہور ،اسلام آباد،پشاور ، کراچی، کوئٹہ ، نئی دہلی ، نیویارک ( جنرل رپورٹر، نیوز رپورٹر ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ، نامہ نگار ، خبر نگار خصوصی، خبر نگار، سٹاف رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا کے مزید 135 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 2566 مثبت کیس رپورٹ ہوئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق مجموعی اموات 19752 جبکہ مصدقہ مریض 882928 ہوگئے ،مزید 2989 مریض صحتیاب ،فعال کیس 67665رہ گئے ،4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29801 ٹیسٹ کئے گئے ۔پنجاب میں1413 نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 89 ہلاکتیں ہوئیں۔ لاہور 399، ننکانہ 11، قصور 17، شیخوپورہ 5، راولپنڈی 193، جہلم3، اٹک 8، چکوال 28، مظفرگڑھ 25، حافظ آباد1 ، گوجرانوالہ 53 ، سیالکوٹ 21، نارووال 2، گجرات 2، منڈی بہاؤالدین 6، ملتان 67، خانیوال 16، راجن پور 2، لیہ 3، ڈیرہ غازیخان 6 ، وہاڑی 51 ، فیصل آباد 90، چنیوٹ 2، ٹوبہ21، جھنگ 27 ،رحیمیار خان 39 ،سرگودھا115، میانوالی 27، خوشاب 33، بہاولنگر 1، بہاولپور 102، لودھراں 15،بھکر 2، ساہیوال 5، پاکپتن 13 اور اوکاڑہ میں 2 کیس سامنے آئے ۔ لاہور میں 23 مریض جاں بحق ہوگئے ۔چلڈرن کمپلیکس ملتان میں زیر علاج 4 سالہ عبدالمنان اور 9 سالہ ریحان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12972 ٹیسٹ کئے گئے ۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 5147 بیڈ،396 وینٹی لیٹر جبکہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں1075 بیڈاور86 وینٹی لیٹر خالی ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ میں کورونا کے مزید 11 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 1334 مثبت کیس سامنے آئے ۔ سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ پر عائد پابندیاں اٹھالی گئیں۔ بین الصوبائی اور انٹرسٹی مسافر گاڑیوں کو50فیصدنشستیں خالی رکھنا ہونگی ۔ خیبر پختونخوا میں 23 مریض جاں بحق جبکہ 385 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پشاور شمس الاسلام انتقال کرگئے ۔باچہ خان ائیر پورٹ پشاور پر بحرین سے آنے والے 28 مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ۔بلوچستان میں 3مریضوں کی جان گئی جبکہ 133افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے مثبت کیسز کی شرح 7 سے 8 فیصد تک آ گئی تاہم جب شرح 3 فیصد تک ہو جائے گی تو حکومت کہہ سکتی ہے حالات بہتر اور کنٹرول میں ہیںَ۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ویکسین لگوانے کیساتھ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔این سی او سی اجلاس میں تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کی تجویز سامنے آ گئی۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بورڈ امتحانات ہر صورت ہوں گے ۔امتحانات اور بچوں کو پروموٹ کرنے سے متعلق فیصلہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق نویں، دسویں، گیارہویں، بارہویں کی کلاسز پہلے مرحلے میں کھولدی جائیں گی۔بلوچستان میں 25 مئی سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کردئیے گئے ۔کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد نے انتظامیہ، آرمی، رینجرز اور پولیس کیساتھ انارکلی کا دورہ کیااور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ۔ 20 دکانداروں کو وارننگ، 10 افراد گرفتار جبکہ ایک دکان سیل کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ذیشان نصر اﷲ رانجھا نے والٹن اور ڈیفنس روڈ پر12 دکانوں کو سیل کیا۔ ٹریفک پولیس نے بغیر ماسک ڈرائیونگ پر مزید 4452 گاڑیوں کو چالان ٹکٹ تھما دی ۔ لاہور ریلوے سٹیشن پر ماسک کی پابندی نہ کرنے والے 8 افراد کو فی کس 500روپے جرمانہ کردیا گیا۔ ادھر دنیا بھر میں مصدقہ کیس 16.47کروڑ جبکہ ہلاکتیں 34.12لاکھ سے بڑھ گئیں۔ بھارت میں مزید اڑھائی لاکھ سے زائد کیس اور4387 اموات ہوئیں۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے کہا ہے کورونا کی دوسری لہر کے دوران 244 ڈاکٹروں کی موت ہوئی اورصرف اتوار کے روز50ڈاکٹر ہلاک ہوئے ۔جڑواں بھائی جو فریڈ ورگیز گریگری اور الفریڈ جارج گریگری کورونا کا شکار ہوکر ایک ساتھ دم توڑ گئے ۔بھارت میں تاج محل سمیت تمام سیاحتی مقامات 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ برطانوی صحافی نے بھارتی مسافر طیاروں کی برطانیہ آمد و رفت کا انکشاف کردیا۔صحافی کا کہنا ہے 23 اپریل کو ریڈ لسٹ میں ڈالنے کے بعد بھارت کی 110 فلائٹس برطانیہ پہنچیں، جن کے ذریعے ساڑھے 8 ہزار مسافر برطانیہ منتقل ہوئے ۔ یورپین میڈیسن ایجنسی نے کہا ہے فائزر کی ویکسین کو عام فریج میں بھی زیادہ لمبے دورانیے کیلئے رکھا جا سکتا ہے ۔