لاہور، اسلام آباد،پشاور، واشنگٹن (جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر ، کرائم رپورٹر ،سٹاف رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ ، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں)ملک میں کورونا وائرس سے مزید 29 افراد جاں بحق ہو گئے ، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 437 ہوگئی جبکہ مزید 1323 کیس سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد19022 تک پہنچ گئی۔ہفتہ کو سندھ سے 427 کیس ،4 ہلاکتیں، پنجاب 766کیس ،9 ہلاکتیں، خبیر پختونخوا میں 108 کیس ، 11 ہلاکتیں، بلوچستان 36، اسلام آباد 22 جبکہ گلگت بلتستان سے 16 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔پنجاب 7106،سندھ 7102،خیبر پختونخوا2907 ، بلوچستان1136،اسلام آباد365،گلگت بلتستان340جبکہ آزاد کشمیرمیں 66مریض رپورٹ ہو چکے ۔کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں9164 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے جو ابتک ایک دن میں کیے گئے سب سے زیادہ ٹیسٹ ہیں۔ ملک بھر میں ابتک 193859 ٹیسٹ کئے جا چکے جبکہ کورونا سے متاثرہ 4753 مریض صحتیاب ہوچکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر پنجاب کے مطابق 768 زائرین سنٹرز، 1926 رائیونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں، 4075 عام شہریوں میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ۔عام شہروں میں سب سے ذیادہ لاہور میں کورونا وکے 2154 کنفرم مریض ہیں۔ کورونا وائرس سے ابتک کل 115 اموات، 2206 افراد صحتیاب، 22 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔ابتک کل 88899 ٹیسٹ کیے جا چکے ۔میو ہسپتال میں جاں بحق 70 سالہ شخص کی میانی قبرستان جبکہ 20 سالہ فائزہ بتول کی گوجرانولہ میں دھوپ سڑی کے مقامی قبرستان میں تدفین کی گئی ۔نشتر ہسپتال ملتان میں زیرعلاج کورونا کی مشتبہ 60 سالہ مریضہ دم توڑ گئی ۔ ڈسکہ میں تحصیل آفس ،اے سی آفس کے 10ملازمین ،تحصیلدار ،واپڈا ملازم ،سول ہسپتال کے دو ڈاکٹروں کی کورونا رپورٹ مثبت آنے پر انتظامیہ نے شہر کو سیل کر دیا۔ چوک ریسٹ ہاؤس سے نور مسجد کالج روڈ تک کے تمام راستے رکاوٹیں اور قناعتیں لگا کر راستے بند کر دیئے گئے ۔ڈویژنل پبلک سکول کو قرنطینہ سنٹر بنا دیا گیا ۔اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ نے خود کو قرنطینہ کرلیا ۔تھانہ سٹی ڈسکہ میں بھی ملازمین کے سیمپل لئے گئے جن کی رپورٹ چند روز میں آئے گی ۔ سمبڑیال میں کورونا کے 23مزید مریض سامنے آگئے ،مجموعی تعداد 59 تک پہنچ گئی ۔قیوم ہسپتال ساہیوال میں فوت ہونے والی 166/9-Lچیچہ وطنی کی رہائشی خاتون بشیراں بی بی کاکورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا۔ خاتون کے خاندان کے دیگر افراد کو قرنطینہ کر کے ان کے ٹیسٹ بھی لیبارٹری میں بھیج دیئے گئے ۔ پنجاب پولیس کے 35 اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ۔ ڈی آئی جی ویلفیئر نے حفاظتی سامان کی ڈیمانڈ کیلئے مراسلہ بھیج دیا۔ خیبرپختونخوا پولیس کا پہلا جوان کورونا وائرس سے جاں بحق ہو گیا ۔ ترجمان نوشہرہ پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ نوشہرہ میں تعینات کانسٹیبل فہیم پشاور کے ایل آرایچ ہسپتال میں زیر علاج تھا،جاں بحق پولیس کانسٹیبل کی میت آبائی علاقے چارسدہ روانہ کردی گئی۔اسلام آبادہائیکورٹ کے ملازم میں کوروناکی تشخیص ہوگئی،اسلام آبادہائیکورٹ کی عمارت خالی کراکرجراثیم کش سپرے کیاگیا۔رجسٹرارآفس کے مطابق پیراورمنگل کوانتہائی محدودسٹاف ہی عدالت آئیگا۔دوسری طرف مزید23ہیلتھ کیئرورکرزکے ٹیسٹ مثبت آگئے ،مجموعی تعداد485ہوگئی،ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 9افرادکوروناسے جاں بحق ہوچکے ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد3,459,014جبکہ ہلاکتیں 243,367 ہو گئیں،1,103,106 مریض صحتیاب ہوچکے ،50,858 کی حالت تشویشناک ہے ۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید3,919مریض چل بسے جبکہ 60,920نئے کیس سامنے آگئے ۔ امریکہ میں ہلاکتیں67ہزار جبکہ متاثرین ساڑھے 11لاکھ کے قریب پہنچ گئے ۔امریکی افواج میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور متاثرہ فوجیوں کی تعداد 7100 سے تجاوز کر گئی جبکہ 27 فوجیوں کی موت ہو چکی ۔ ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے اور 284 فوجی اہلکار ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ برطانیہ میں اموات 28ہزار سے بڑھ گئیں۔ڈاکٹر فرقان صدیقی سمیت مزید3 پاکستانی ڈاکٹر بھی جاں بحق ہو گئے ۔ابتک برطانیہ میں1 پاکستانی نرس اور 9 ڈاکٹر جاں بحق ہوچکے ۔بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کی ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس اے کے ترپاٹھی کورونا کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے گئے ۔روس میں ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ 9623 نئے مریض سامنے آئے جس سے متاثرین کی تعداد 124054 ہو گئی۔ وزیر تعمیرات ولادیمیر یاکوشیف بھی کورونا کا شکار ہوگئے ۔فلپائن نے جیلوں سے 10ہزار قیدیوں کو رہا کر دیا۔ کیلیفورنیا میں لاک ڈاؤن کھولنے کیلئے لوگوں نے احتجاج کیا۔ نیو یارک کے گورنر نے کہا ہے تمام سکول باقی تعلیمی سال کیلئے بند رہیں گے ۔فرانس نے ہیلتھ ایمرجنسی میں 24 جولائی تک توسیع کر دی ۔ سپین میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لوگ سڑکوں پر نکل آئے ۔آسٹریا اور آئرلینڈ نے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے ۔سنگاپور نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا ٹائم ٹیبل جاری کردیا۔بھارت میں ملازمین کیلئے کورونا سے متعلق ایپ استعمال کرنا لازمی قراردیدی گئی۔