لاہور،اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ،کراچی، واشنگٹن ( جنرل رپورٹر ،اپنے رپورٹر سے ،خبر نگار خصوصی،خبر نگار، سٹاف رپورٹر ، نیوزایجنسیاں)ملک میں کوروناوبا کے باعث مزید 65 افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ 2724 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک میں مصدقہ مریض908576،مجموعی اموات 20465، فعال کیس 60268 رہ گئے ،4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59076 ٹیسٹ کئے گئے ۔ پنجاب میں 738 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید36 مریض چل بسے ۔ لاہور میں 251کیس جبکہ 14 مریض چل بسے ۔بہاولپورمیں کورونا کا شکار انسپکٹرطاہر محمود زندگی کی بازی ہار گئے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1881کورونا مریض صحتیاب ہو گئے ۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں5518 بیڈ،456 وینٹی لیٹر جبکہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں1194 بیڈ، 140 وینٹی لیٹرخالی ہیں۔سندھ میں24 مریض انتقال کرگئے ، 1293 نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 1273 افراد صحتیاب ہوئے ۔ خیبر پختونخوا میں19 مریض جاں بحق جبکہ 383افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ۔ باچہ خان ائرپورٹ پشاور پر بیرون ملک سے آئے پانچ مسافروں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔پاک فوج کے تربیت یافتہ کتوں نے مسافروں میں کورونا کی نشاندہی کی۔ بلوچستان میں90کیس رپورٹ ہوئے جبکہ2افراد انتقال کرگئے ۔کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر لاہور میں 3ریستوران، 2 ہوٹل، 15 دکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔38 ممالک سے مسافروں کی پاکستان آمد پرپابندی لگا دی گئی۔بھارت، جنوبی افریقہ، ایران، بنگلہ دیش، برازیل، زمبابوے سمیت ایشیا، یورپ، لاطینی امریکہ کے ممالک شامل ہیں۔ دیگر ممالک سے پاکستان آنیوالے تمام مسافروں کا 72 گھنٹے قبل کوروناٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ ادھر دنیا بھر میں متاثرین 16.89کروڑ جبکہ ہلاکتیں 35.06لاکھ سے بڑھ گئیں۔بھارت میں 203369کیس اور 3579ہلاکتیں ہوئیں۔عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے وائرس کی بھارتی قسم 53 ممالک تک پھیل چکی ہے ۔برطانوی تحقیق کے مطابق کووڈ 19 کے مریضوں کے پھیپھڑوں کو ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے کم از کم 3 ماہ بعد بھی نقصان پہنچ رہا ہوتا ہے ۔سعودی عرب میں غیرملکی مسافروں اور ویکسین نہ لگوانے والے مستثنی افراد کیلئے گائیڈ بک جاری کردی گئی۔محکمہ شہری ہوابازی کے مطابق ہوٹل قرنطینہ ان ملکوں سے آنیوالے تمام مسافروں پر لاگو ہوگا جہاں سے آمد پر پابندی نہیں ۔ اخراجات مسافروں سے وصول کیے جائیں گے ۔ ویکسین نہ لگوانے والوں کو 7 روزہ ہائوس آئسولیشن کرنا ہوگا، چھٹے روز پی سی آرٹیسٹ ہوگا۔ سرکاری وفود، سفارتی ویزا ہولڈرز، سفارتکار اور اہل وعیال اس سے مستثنیٰ ہوں گے ۔امریکہ میں 29 کروڑ کے قریب ویکسین ڈوز لگائی جا چکیں۔جنوبی کوریا میں ویکسین لگوانے والے شہریوں کو ماسک کے بغیر باہر نکلنے کی اجازت مل گئی۔امریکی صدر نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو حکم دیا ہے وہ تین ماہ کے اندر کورونا وباکی ابتدا کے متعلق رپورٹ پیش کریں کہ آیا یہ وائرس چین میں کسی جانور سے پھیلا تھا یا کسی لیبارٹری سے حادثاتی طور پر۔