لاہور،اسلام آباد ، پشاور، کوئٹہ،کراچی، واشنگٹن (جنرل رپورٹر ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سپورٹس رپورٹر ،خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ،نیوزایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث مزید 76افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 1629مثبت کیس سامنے آگئے ۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں تمام تعلیمی ادارے آج سے کھل جائیں گے ، سندھ حکومت نے نویں جماعت سے جامعات تک تعلیمی ادارے کھولنے کااعلان کردیا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک بھر میں مجموعی اموات21265، متاثرین932140، فعال کیس47764 ہو گئے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52427 ٹیسٹ کیے گئے ۔مثبت کیسز کی شرح 3.10 فیصد رہی۔پنجاب میں مزید 49اموات، 403 کیس رپورٹ، 617 مریض صحتیاب ہو گئے ۔لاہور میں مزید 24 مریض جاں بحق ، 165متاثر ہوگئے ۔ پنجاب، خیبرپختونخوا ، بلوچستان،آزادکشمیر میں تمام تعلیمی ادارے آج سے کھل جائیں گے ۔پنجاب میں سکولوں میں بچوں کو 50 فیصد حاضری کے تحت بلانے کی پابندی برقرار رہے گی، کوئی بچہ لگاتار دو دن سکول نہیں آئے گا۔ پنجاب حکومت نے آج سے کھیلوں کی سرگرمیوں کی بھی اجازت د یدی،12 کنٹیکٹ سپورٹس پر پابندی برقراررہے گی ان میں روئنگ، کراٹے ، تائیکوانڈو، جوجسٹو، کک باکسنگ، رسہ کشی، جوڈو، رگبی،ریسلنگ،کبڈی، موئے تھائی اور ووشوشامل ہیں۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے آج سے تمام میڈیکل کالجز، یونیورسٹیاں ، ڈینٹل کالجز، نرسنگ کالجز،نرسنگ سکول کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے صوبہ بھر کے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں میں آج سے عوام کیلئے 24گھنٹے ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر کے 27 ٹیچنگ ہسپتالوں میں ویکسی نیشن سنٹرز بنائے جائیں گے ۔ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں پہلی سے چوتھی، چھٹی ساتویں کلاس کے طلبا کو بغیر امتحان پروموٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات ہوں گے ، وفاقی وزارت تعلیم نے منظوری دیدی ۔وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت کورونا صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیرسے صوبے بھر میں دکانیں رات 8 بجے تک کھولی جائیں گی، تاہم تمام دکانوں کے سٹاف کو ویکسین لازمی کرانا ہوگی اور 15 دن بعد ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کیے جائیں گے ۔ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک کی اجازت ہوگی، 2 ہفتوں کے بعد شادی ہال، آؤٹ ڈور شادیوں کی اجازت ہوگی، ساحلِ سمندر اور سیلون بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت ہوگی۔وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے اپنی ٹویٹ میں اعلان کیا کہ ٹاسک فورس کے اجلاس میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، نویں جماعت سے جامعات تک کے طلبہ کے تعلیمی ادارے آج سے کھولنے کی اجازت ہوگی، تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے کی ویکسی نیشن لازمی ہوگی۔ سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کو 3 دن میں ویکسی نیشن کرانے کی ہدایت کردی ۔آزادکشمیر میں بھی آج سے سکول کھلیں گے ، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں جاری ہیں ۔ لاہور میں ہوٹل کا بینکوئٹ ہال، مارکیز،5ریسٹورنٹ سربمہر کر دئے گیے ۔ادھر دنیا میں متاثرین17.39کروڑ جبکہ ہلاکتیں 37.41لاکھ سے بڑھ گئیں۔ بھارت میں2445اموات ،101232 مریض رپورٹ ہوئے ۔عالمی نمبر3 گالفر جون راحم بھی متاثر ہوگئے ۔کورونا کی بھارتی قسم نے برطانیہ کو جکڑ لیا ، ایک ہفتے میں مریضوں کی تعداد 70 فیصد بڑھ گئی ۔چین دنیا کا پہلا ملک بن گیا جہاں 3 سال کی عمر کے بچوں کیلئے ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دیدی گئی ۔امریکی یونیورسٹیوں نے مقامی ویکسین لگوانے والے بھارتی طلبہ کو داخلہ دینے سے انکارکر دیا۔جرمن وزیر صحت پر چین سے ایک بلین یورو کے ناقص ماسک خریدنے کاالزام ہے ۔ برطانوی تحقیق کے مطابق ایک بار متاثر ہونے والے افراد میں اگلے 10 ماہ تک کووڈ 19 سے دوبارہ بیمار ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوتا ہے ۔