لاہور؍ اسلام آباد ؍ نیویارک(رپورٹنگ ٹیم؍ نیوز ایجنسیاں) کورونا سے مزید46 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد مجموعی اموات 969 ہوگئیں،مریضوں کی تعداد 45061 تک پہنچ گئی ہے ۔اب تک پنجاب میں 15 ہزار 976، سندھ میں 17 ہزار 241، خیبر پختونخوا 6 ہزار554، بلوچستان میں 2 ہزار 885، اسلام آباد 1034، گلگت بلتستان 550 اور آزاد کشمیر میں 115 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین کے بڑے بھائی میاں محمد سریر کورونا کے باعث جاں بحق ہوگئے ۔راولپنڈی میں صغیر جنجوعہ کورونا سے چل بسے ۔ایس ایچ او ٹیکسلا انسپکٹر اعجاز حسین کورونا کا شکار ہوگئے ۔میونسپل کمیٹی چیچہ وطنی کے ملازم میں کورونا کی تشخیص ہوگئی۔ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر پنجاب میں کورونا کا ایک کیس رپورٹ ہونے پر پورے ڈیپارٹمنٹ کو ڈس انفیکٹ کرایا گیا۔کراچی سنٹرل جیل میں 212قیدیوں اور8اہلکاروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ منگل کو کورونا کے باعث ایک دن میں سب سے زیادہ 19 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔وزیرخزانہ بلوچستان میر ظہور بلیدی صحت یاب ہوگئے ۔حیدرآباد میں پلازما تھراپی سے 2 مریض صحت یاب ہوگئے ۔سیالکوٹ میں 3 سالہ بچے سمیت 168 مریضوں نے کورونا کو شکست دیدی۔حکومت بلوچستان نے صوبے میں سمارٹ لاک ڈائون کو 15 روز کیلئے بڑھادیا۔ بیجنگ سے پاکستان ائیر فورس کا کارگو طیارہ سامان لے کر پاکستان پہنچ گیا۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق 16 ٹن طبی سامان میں 20 بائیو سیفٹی کیبنٹ اور 50 وینٹی لیٹرز بھی شامل ہیں۔دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد 50 لاکھ کے قریب پہنچ گئی جبکہ ہلاکتیں 3لاکھ 24ہزار ہوگئی ہیں۔برازیل میں تباہ کاریاں بڑھتی جارہی ہیں۔بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ، ہلاکتیں 3 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔کورونا سے متاثر روسی وزیر اعظم نے صحت یاب ہونے کے بعد ذمہ داریاں پھر سنبھال لیں۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں قائم مرکزی جیل میں کورونا کی وبا پھیلنے کی اطلاعات کے بعد انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔شام،عمان، مصر اور الجزائز میں نماز عید کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی۔سعودی حکومت نے 23مئی سے 27 مئی تک تمام شہروں میں 24 گھنٹے کے کرفیو کا اعلان کررکھا ہے ۔متحدہ عرب امارات نے کہا کہ وہ غیر ملکی جو کورونا وائرس کے باعث اپنے ممالک کو واپس لوٹ گئے تھے ، یکم جون سے واپس آسکتے ہیں۔پولینڈ نے 15جون سے اپنی سرحدیں کھولنے کااعلان کر دیا ۔عیدالفطرکے بعدمسجداقصیٰ کھولنے کااعلان بھی کردیاگیا۔چلی میں لاک ڈاؤن کے دوران خوراک کی کمی پر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں جن میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔سنگاپور نے سینکڑوں کورونا وائرس متاثرین سے غلط موبائل ٹیکسٹ میسیجز پر معافی مانگ لی ۔فرانس اور جرمنی نے یورپی یونین کی معیشت کی بحالی کے لئے 500 ارب یورو مالیت کا ریسکیو فنڈ قائم کرنے کی تجویز دی ہے ۔چین نے الزام عائد کیا کہ امریکی صدر عالمی ادارہ صحت کی ذمہ داری سے جان چھڑا رہے ہیں۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژا لی جیان نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لئے بین الاقوامی برادری کے درمیان اتحاد وتعاون سب سے طاقتور ہتھیار ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو عالمگیر وبا کورونا پر قابو پانے کے لئے بہتر لائحہ عمل اختیار نہ کرنے کی صورت میں ہمیشہ کے لئے فنڈنگ روکنے کی دھمکی دے دی۔صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم کو خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر عالمی ادارہ صحت کورونا پر قابو پانے کے لئے اگلے 30 روز میں کوئی پختہ بہتری نہیں دکھاتا تو اس کی فنڈنگ ہمیشہ کے لئے روک دی جائے گی۔ٹرمپ نے اپنے خط میں کہا کہ آپ کی اور آپ کے ادارے کی جانب سے وبا پر قابو پانے کے لئے ایک بار پھر غلط اقدام واضح ہے جس کی قیمت پوری دنیا کو بھگتنی پڑ گئی ہے ۔امریکی صدر نے کہا اس صورتحال میں ادارے کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ وہ یہ ثابت کرے کہ وہ چین کی جانب سے آزاد ہے ۔ آسٹریلیا کے سابق وزیر اعظم کیون روڈ نے امریکہ کی طرف سے عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ کو روکنے کے اقدام کو انتہائی غیر زمہ دارانہ قرار دیدیا۔برطانیہ میں بے روزگار افراد کی تعداد میں اپریل کے دوران 70 فیصد اضافہ ہوگیا۔کورونا کی وجہ سے امریکہ میں تعمیراتی شعبے کو بھی شدید نقصان پہنچا اور پچھلے ماہ اپریل میں 2019کے مقابلے میں 30فیصد کم گھر تعمیر ہوئے ہیں ۔ روس کی بھی معیشت سکڑ گئی ،پہلی سہ ماہی میں روس کی معاشی نمو 1.6 فیصد ہوگئی۔