اسلا م آباد ،لاہور ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید47افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد 21576ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3.21فیصد رہی، کوروناکے 1303نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد938737ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 43618ہو گئی،2841مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔وفاقی وزارت صحت کے مطابق ملک میں جبری کورونا ویکسی نیشن کا کوئی منصوبہ نہیں۔ ترجمان وزارت صحت ساجد شاہ نے ان افواہوں کی تردید کی کہ حکومت جبری طور پر ویکسین لگائے گی اور ویکسین لگانے سے انکار کی حوصلہ شکنی کیلئے کوئی منصوبہ زیر غور ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ویکسی نیشن کی حوصلہ افزائی اور یہ بات یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ عوامی مقامات اور تقاریب میں کوئی خطرہ نہ ہو۔ ہم صحت عامہ کی حفاظت کیلئے کچھ پابندیاں لگائیں گے لیکن کسی بھی طرح جبری ویکسی نیشن نہیں ہوگی ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 247نئے کیس سامنے آگئے اورمزید21مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد10457ہوگئی ۔ لاہورمیں 85، راولپنڈی 18،فیصل آبادمیں13کیس سامنے آئے ۔ لاہور میں مزید 4 اموات ہوئیں۔ سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئر نبیل اعوان کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے مزید446مریض صحتیاب ہو گئے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں37لاکھ 95ہزارسے زائد ہو گئیں۔