لاہور،ملتان ، اسلام آباد،کراچی (جنرل رپورٹر،کر ائم ر پو رٹر،سپورٹس رپورٹر ، سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر ، خبر نگار ،92نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں ) پاکستان میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 6472کیس رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 88افراد جان کی بازی ہار گئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد132405ہو گئی جبکہ اموات2551ہو گئیں۔ ایکٹو مریضوں کی تعداد 79 ہزار 798 ہے ۔ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض 50087ہیں۔ سندھ 49256، خیبرپختونخوا 16415، بلوچستان 7866، اسلام آباد7163، آزادکشمیر 574اور گلگت بلتستان میں 1044کیس رپورٹ ہوچکے ۔ سب سے زیادہ پنجاب میں 938 افراد جان کی بازی ہار چکے ۔ سندھ793،خیبر پختونخوا642، اسلام آباد 71، گلگت بلتستان 16، بلوچستان 80اور آزاد کشمیر میں 11افراد جاں بحق ہو چکے ۔ایک روز میں ریکارڈ 9 ہزار 809 افراد صحتیاب ہوگئے ۔وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 40 ہزار 247 سے بڑھ کر 50 ہزار 56 تک پہنچ گئی،2337افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔گذشتہ 24گھنٹوں میں29850 ٹیسٹ کئے گئے ۔وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے بتایا ہفتہ کو 10081 ٹیسٹ کرائے گئے جن سے 2262 کیس سامنے آئے ۔ ڈی جی ہیلتھ بلوچستان سلیم ابڑو نے انکشاف کیا ہے صوبے میں جولائی تک کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔ اگر احتیاط نہ کی گئی تو تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہے ۔پنجاب میں مزید 48افراد موت کی نیند سو گئے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 2705نئے کیس سامنے آنے کے بعد تعداد 50087 ہو گئی۔ لاہور میں 1342 نئے کیس سامنے آئے ۔ ابتک کل 338,714 ٹیسٹ کیے جا چکے جبکہ کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد17,560 ہو چکی ۔ لاہور میں کورونا کے باعث 8 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ایدھی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں شاہدرہ کا 60 سالہ حاکم فیاض،بھٹہ چوک کی 73 سالہ آسیہ ، باغبانپورہ کا 56 سالہ خاور اقبال ، ٹاؤن شپ کی 66 سالہ کنیز،ڈاکٹر سوسائٹی کینال روڈ کا 42 سالہ افضل ، اسلام پورہ کا 67 سالہ توحید اختر ،شیخوپورہ کی 73 سالہ مجیدہ ،علامہ اقبال ٹاؤن کا 80 سالہ غلام رسول شامل ہیں۔ نشتر ہسپتال ملتان میں3 مریضوں نے دم توڑ دیا۔قیوم ہسپتال ساہیوا ل میں 74 سالہ ڈاکٹر سلیم،راولپنڈی کی سیاسی شخصیت حاجی گلزار اعوان،لیگی رہنما اکمل مرزا کورونا سے انتقال کرگئے ۔ سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی ،مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی ،سندھ اسمبلی میں جی ڈی اے کی ایم پی اے نسیمہ راجپر،قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی،خیبرپختونخواسمبلی میں پی ٹی آئی کی خاتون ایم پی اے عائشہ بانو،عارفوالاسے ن لیگ کے سابق ایم این اے رانا زاہد حسین اور ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن کیلئے لباس تیار کرنے والی پاکستانی ڈیزائنر ماہین خان بھی کورونا کا شکارہوگئیں۔ٹی ایچ کیو ہسپتال مری کے پانچ ڈاکٹروں سمیت 13 پیرا میڈیکل سٹاف میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔جنرل ہسپتال لاہور کے چیف سینٹری انسپکٹر طارق محمود کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے ۔ انہوں نے اپنا پلازمہ عطیہ کرنے کا اعلان کیاہے ۔ادھر دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 78لاکھ جبکہ اموات 4لاکھ30 ہزار سے بڑھ گئیں، 40لاکھ سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ۔برازیل میں اموات کی تعداد برطانیہ سے تجاوز کر گئی ۔ برازیل دوسرا متاثرہ ترین ملک بن گیا۔ ملک میں ہلاکتوں کی کل تعداد41,952 ہوگئی ۔بیجنگ میں کورونا کے درجنوں کیس رپورٹ ہوگئے ۔ سپین میں کوروناسے ہلاکتوں کی رپورٹس دینے کا عمل روک دیا گیا ۔چلی کے وزیر صحت جیمی مانلیچ نے کورونا کی صورتحال زیادہ خراب ہونے پر استعفیٰ دیدیا۔جرمنی آئندہ پیر سے اپنی تمام سرحدوں پر پابندیاں ختم کر رہا ہے ۔ پولینڈ نے سرحدیں کھول دی ہیں۔ چیک ری پبلک اور فرانس نے بھی کل سے سفری پابندیوں کے خاتمے کی تصدیق کر دی ۔برطانیہ میں پیر سے لاک ڈان میں مزید نرمی ہوگی۔