اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگار) معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملک بھر میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ اور سلامتی کیلئے کیئر فار میڈیا کے نام سے ایپ کا اجراکر دیا ، یہ ایپ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی رجسٹریشن کیلئے ہے ۔ بدھ کو ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزرائاطلاعات کی ویڈیو کانفرنس کے دوران آگاہ کیا کہ گذشتہ ویڈیو کانفرنس میں یہ معاملہ زیر بحث تھا کہ اگرکوئی صحافی یا میڈیا ورکر کورونا وائرس سے متاثر ہوتا ہے تو اس کیلئے کیا اقدام ہوسکتا ہے ،اس کیلئے فیصلہ کیا گیا تھا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کیلئے ایک ایپ بنائی جائیگی ،اس فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی سلامتی اور تحفظ کیلئے کیئر فار میڈیا کے نام سے ایپ تیار کر لی گئی ہے جسکا باقاعدہ اجرا اس ویڈیو کانفرنس میں کر دیا گیا، ملک کے کسی بھی حصہ میں کورونا وائرس کے متاثر صحافی یا میڈیا ورکرز جب اس ایپ پر رجسٹرڈ ہو جائیں گے تو حکومت انکے علاج معالجے کیلئے بہتر اقدامات یقینی بنائے گی۔قبل ازیں ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کوصحافیوں اور میڈیا ورکرزکی سلامتی بے حد عزیز ہے ، میڈیا کیئر ایپ صحافیوں کو بروقت سہولت فراہم کرنے کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد کا درست تعین کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔