اسلام آباد،مظفرآباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ ) وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین نے ملاقات کی ،چیئرمین نادرا نے پانچ کروڑ روپے کا چیک ادارے کے ملازمین کی جانب سے کورونا ریلیف فنڈ کیلئے پیش کیا۔وزیرِ اعظم نے کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے نادرا ملازمین کے جذبے کو سراہا۔وزیراعظم سے پی ٹی آئی رہنما علیم خان نے بھی ملاقات کی اور کورونا فنڈمیں 1کروڑکاچیک پیش کیا۔ وزیر اعظم عمران خان سے معروف مذہبی سکالر طیبہ خانم بخاری نے ملاقات کی۔طیبہ خانم بخاری نے وزیراعظم کو پچاس لاکھ روپے کا چیک کورونا ریلیف فنڈ کیلئے پیش کیا۔ انہوں نے کورونا ریلیف مہم کیلئے فنڈ ریزنگ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے مذہبی سکالر طیبہ خانم بخاری کے جذبے کو سراہا۔کورونا متاثرین اور فرنٹ لائن ورکرز کی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے مشہور بیوریج کمپنی نے کووِڈ19کیلئے قائم کردہ قومی فنڈ میں 10 کروڑ روپے دینے کا وعدہ کیا ہے ۔اس عزم کے تحت کمپنی نقد رقم اور اشیا کی صورت میں عطیہ دے گی جس میں 40 لاکھ افراد کیلئے دودھ، آئرن سے بھرپور ڈیری مصنوعات، بچوں کا دلیہ، پانی اور جوسز شامل ہیں۔ادھرآزاد کشمیرکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور ججز نے وزیر اعظم آزادکشمیر کے کورونا ریلیف فنڈ میں 2لاکھ روپے فی کس کے حساب سے عطیات جمع کروا دئیے ۔