لاہور ( عثمان بٹ ) پاکستان کی نمبر ون ویمن بیڈمنٹن پلیئر ماحور شہزاد کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہونے سے پریشان ہیں۔ 92 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے دیگر معاملات کی طرح کھیلوں کے میدان بھی کورونا ایس او پیز کے تحت ایک بار پھر سے آباد کرے ، 23 سالہ ویمن بیڈمنٹن چیمپئن ماحور شہزاد نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ مسئلہ کوچز اور ٹریننر کے فقدان کا پیش آتا ہے ،لہٰذا اپنے والد سے ٹریننگ ، جم ورک آئوٹ اور کورٹ میں پریکٹس کے حوالے سے رہنمائی لیتی ہوں۔ پاکستان میں بیڈمنٹن کی کوئی اکیڈمی نہیں ہے ۔ ماحور کہتی ہیں 23 جولائی 2018 کو اناپورنا کارپوریٹ انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں اکیلی پاکستان کی نمائندگی کرنے پہنچی تھی مگر میں نے پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے کرکٹ میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ، البتہ جس طرح کرکٹ میں انویسٹمنٹ ہوتی ہے حکومت کو چاہیے دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دے ۔