اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید23افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد12860ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 1176نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد579973ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد21836ہو گئی،1562مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل545277صحتیاب ہو چکے ۔ پاکستان میں کورونا سے مرنے والے مریضوں کی شرح2.2فیصد جبکہ صحتیاب ہونیوالے مریضوں کی شرح 94فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید13مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ532نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد5350ہوگئی ۔ لاہورمیں 308،ننکانہ2،قصور 1،شیخو پورہ 3،راولپنڈی21اورفیصل آبادمیں63کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ادھرنشتر ہسپتال ملتان میں کورونا میں مبتلا مزید2مریض دم توڑ گئے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید7کورونامریض جاں بحق ہوگئے جبکہ262نئے کیسزمیں سے 129کراچی سے سامنے آئے ہیں۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں25لاکھ 42ہزارسے زائد ہو گئیں۔امریکہ کی فیڈرل ڈرگ اتھارٹی نے جانسن اینڈ جانسن کورونا ویکسین کے فوری استعمال کی بھی اجازت دیدی۔ وائٹ ہائوس کورونا رسپانس ٹیم نے بتایاکہ کورونا کی ویکسین جانسن اینڈ جانسن محفوظ اورموثر ہے اور اسکی ایک ڈوز ہی کافی ہے ۔ اس ویکسین کی سٹوریج کیلئے خاص اقدامات کی بھی ضرورت نہیں ،یہ ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے ہے ۔آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں کورونا لاک ڈائون کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اورشدیداحتجاج کیا ۔ پولیس کے روکنے پر مشتعل مظاہرین نے پولیس پر دھاوا بول دیا۔ پولیس سے تصادم پر23 مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔