اسلا م آباد ،لاہور،ملتان ،وہاڑی ، کراچی، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،ڈسٹرکٹ رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ،بیورورپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید48افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد11295ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 1594نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد532412ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد34628ہو گئی،2070مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل486489صحتیاب ہو چکے ۔ وزارت صحت کے مطابق کورونا کی دوسری لہر کے دوران پہلی بار مثبت کیسز کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی جو کہ اب 3.9 فیصد ہوگئی ہے اور پاکستان دس نومبر2020 سے قبل کے حالات کی جانب واپس آگیا ہے ۔ڈرگ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے روس کی کورونا ویکسین اسپوتنک کے بھی استعمال کی اجازت دیدی ۔وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ روسی ویکسین کے استعمال کی منظوری ڈریپ کے رجسٹریشن بورڈ نے دی، پہلی کھیپ اس مہینے کے آخر تک پاکستان پہنچ جائیگی۔ ویکسین منگوانے کی اجازت مقامی دوا ساز ادارے اے جی پی فارما سیوٹیکل کمپنی لمیٹڈ کو دی گئی۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اب تک مختلف ممالک کی تین ویکسینز کو ہنگامی حالات میں استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے جن میں چینی کمپنی سائنو فارم ، برطانوی کمپنی ایسٹرا زینیکا اور روسی ویکسین اسپوتنک کی ویکسین شامل ہیں۔اے جی پی کے مطابق ویکسین کی 50 ہزار خوراکیں رواں ماہ پہنچ جائینگی، روسی ویکسین کو منفی 18 ڈگری پر سٹور کرنا لازمی ہے ۔سربراہ کورونا ٹاسک فورس ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کا کہنا ہے کہ وباکی دوسری لہر کمزور پڑ رہی لیکن تیسری، چوتھی اور پانچویں لہر آرہی جو کہ زیادہ خطرناک ہوگی اور یہ وائرس تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید24مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ 485نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد4567ہوگئی ۔لاہورمیں 263،ننکانہ8،راولپنڈی15،ملتان17 اور فیصل آبادمیں34کیسز سامنے آئے ۔پی ٹی آئی کے ایم پی اے نواب علی رضا خان خاکوانی بھی کورونا میں مبتلاہوگئے ۔سندھ پولیس میں بھی مزید 176 کوروناکیسز سامنے آگئے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں 21لاکھ 35ہزارسے زائد ہو گئیں۔جرمنی نے 20 ممالک جہاں کورونا کی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے سے آنیوالے مسافروں کیلئے پابندیاں مزید سخت کر دیں، ان ممالک میں پرتگال، سپین، مصر اور امریکہ بھی شامل ہیں، مسافروں کو جرمنی داخلے کیلئے منفی ٹیسٹ دکھانا ہو گا، سوئٹزرلینڈ اور دیگر یورپی ممالک سے آنیوالے مسافروں کا سرحد پر چیک اپ کیا جائیگا۔اسرائیل نے بھی ایک ہفتے کیلئے اپنی فضائی حدود سفر کیلئے بند کر دیں۔ نیدرلینڈز میں انسداد کورونا کیلئے کرفیو کیخلاف شہریوں نے مظاہرے کئے اور پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔تونس میں حکومت نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے نافذ کرفیو میں مزید توسیع اور مظاہروں پر پابندی عائد کردی۔ملک کے تمام علاقوں کے درمیان سفری پابندیاں بھی عائد کرکے 65 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں ہی میں مقیم رہیں اور باہر نہ نکلیں۔