لاہور؍ اسلام آباد(جنرل رپورٹر؍ خبر نگار خصوصی؍ لیڈی رپورٹر)کورونا سے مزید 50 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 5320 ہوگئی جبکہ 1979 نئے کیسز کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2لاکھ 53 ہزار600 ہوگئی۔2151 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے ۔24 گھنٹوں میں 21ہزار ٹیسٹ کئے گئے جبکہ اب تک مجموعی طور پر 16لاکھ سے زائد ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور صوبائی وزیر شہلا رضا کورونا سے صحت یاب ہوگئیں۔پنجاب میں گزشتہ روز 13 اموات ہوئیں اور 449 نئے مریض سامنے آئے اور یہ 2ماہ میں ایک روز کے دوران سب سے کم تعداد ہے ۔کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن(ر)محمد عثمان نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے بیڈ اور اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی اطمینان بخش ہے ،صوبے میں ماہِ جون میں مریضوں کے کنفرم کیسز کی شرح 31 فیصد تھی جو کم ہو کر 6 فیصد پر آ چکی ہے ۔ حکومت پنجاب نے صوبے میں لاک ڈائون میں مزید 15 روز کی توسیع کردی، نوٹیفیکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے ، شادی ہال، ریسٹورنٹ اور سینما ہال بدستور بند رہیں گے ، نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا، 30جولائی تک نافذ العمل رہے گا۔سندھ میں گزشتہ روز 1100 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 37 افراد کا انتقال ہوا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عید الاضحیٰ پر ایس او پیز پر عمل کریں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکا جا سکے ۔ادھر دنیابھر میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 33 لاکھ ہوگئی جبکہ ہلاکتیں 5لاکھ 80 ہزار تک پہنچ گئی ہیں۔امریکی فوج میں کورونا انفیکشن کی شرح عام عوام کی نسبت دو گنا تیزی سے بڑھ رہی ہے ،4100 کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں۔امریکی ریاست کے گورنر گیون نیوسم نے نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے فوری طور پر ریستوران، انٹرٹینمنٹ کی جگہوں، چڑیا گھروں اور میوزیم کے اندر کسی بھی قسم کی سرگرمیاں روکنے کا حکم دیا ہے ۔امریکہ میں 3 ماہ کے دوران لاک ڈائون کے باعث نوکریوں سے محروم ہونے والے 54لاکھ افراد ہیلتھ انشورنس سے محروم ہوگئے ہیں اور یہ ایک سال میں سب سے زیادہ تعداد ہے ۔بھارت کے جنوبی شہر بنگلور میں ایک ہفتے کے لئے دوبارہ لاک ڈائون نافذکردیاگیا ہے ۔برطانیہ میں رواں ماہ کی 24 تاریخ سے دکانوں اور مارکیٹوں میں ماسک کی پابندی لازم ہوجائے گی،ایسے افراد جو ماسک کی پابندی کی خلاف ورزی کریں گے ،انھیں 100 یورو تک جرمانے کی سزا سنائی جا سکتی ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اگر یہ ممکن ہو جاتا تو پھر برطانیہ میں بھی سکاٹ لینڈ اور دیگر یورپی ریاستوں جیسے سپین، اٹلی اور جرمنی جیسا ضابطہ لاگو ہو جائے گا۔طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر سے برطانیہ میں ایک لاکھ 20 ہزار اموات ہوسکتی ہیں۔برطانیہ میں لاک ڈائون کے باعث معیشت سست روی کا شکار ہے اور 3 ماہ کے دوران اسکی معیشت میں 20 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔سنگاپور کی معیشت 40 فیصد تک سکڑ گئی ہے ۔ سعودی حکومت نے کچھ مساجد میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کردیا۔