ملتان؍پاکپتن؍ اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر؍ڈسٹرکٹ رپورٹر؍ صباح نیوز)مہلک وبا کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں مزید58افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد مجموعی اموات 10105 ہو گئیں، 2475نئے کیسز رپورٹ ہونے سے متاثرین کی تعداد4لاکھ 79ہزار 715ہوگئی ۔ این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 2 ہزار 475 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد4لاکھ 79 ہزار 715 ہوگئی ۔پاکستان میں کورونا کے 4 لاکھ 35 ہزار 73 مریض شفایاب ہوچکے اور37ہزار80 زیر علاج ہیں ،ملک بھرمیں کورونا کے 2 ہزار219مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ نشتر ہسپتال ملتان میں گزشتہ روز ایک اور مریض چل بسا۔ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن(ر)ظفر اقبال اعوان کا کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آگیا۔پاکپتن ایکسائز آفس کے انسپکٹر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔سندھ میں کورونا ویکسین کی آزمائش کا مرحلہ شروع ہوگیا اورسیکرٹری صحت سندھ کاظم جتوئی نے کورونا ویکسین لگوائی۔ این سی اوسی نے کہاہے کہ حکمت عملی کے تحت پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی، حفاظتی ٹیکوں کی حکمت عملی کے دوسرے مرحلے کے دوران تمام ہیلتھ کیئر ورکرز اور 60 سے 64 سال عمر کے لوگوں کو کورونا وائرس کی ویکسین پلائی جائے گی۔لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان نے قومی ویکسین حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی ۔ڈی جی این سی او سی میجر جنرل آصف نے بتایاکہ تمام فیڈریٹنگ یونٹس تک ویکسی نیشن کی سہولت کے لئے تمام کوششیں کی جائیں گی،حکمت عملی کے تحت پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔ این سی او سی نے این آئی ٹی بی کے اشتراک سے ایک خصوصی آن لائن نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم تیار کیا ہے ۔ادھر دنیابھر میں ہلاکتوں کی تعداد 18لاکھ 20 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ مریض 8 کروڑ 31 لاکھ سے زائد ہوگئے ہیں۔امریکہ میں گزشتہ روز 3900 اموات ہوئیں اور 2لاکھ 40 ہزار نئے مریض رپورٹ ہوئے ۔بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور ممبئی میں سال نو کے موقع پر دو روزہ نائٹ کرفیو نافذ کر دیا گیا، عوامی مقامات پر 5 یا اس سے زیادہ افراد ایک ساتھ جمع نہیں ہو سکیں گے ۔امریکہ میں 114سال میں پہلی بار سال نو کے موقع پر ٹائمز سکوائر میں عوام کے آنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔دنیا بھر میں پچاس ممالک میں عوام کو بڑے پیمانے پر کورونا ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔برطانیہ کے وزیرتعلیم نے کہا ہے کہ 4 جنوری سے مخصوص علاقوں میں سکول نہیں کھولے جائیں گے ، تعلیمی ادارے کھلنا وقت پر بہت زیادہ مشکل ہے ،آئندہ چند روز میں صورت حال کا مزید جائزہ لینے کے بعد سکول کھولنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔چینی دوا ساز کمپنی سائنوفارم کی بنائی گئی کورونا ویکسین کی بیجنگ حکومت نے منظوری دے دی۔چینی حکومت کے جاری کردہ ایک بیان میں کہاگیاکہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ویکسین عالمی ادارہ صحت اور چین کی نیشنل فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے مطلوبہ معیارات پر پورا اترتی ہے جبکہ یوکرائن چینی کمپنی سے ویکسین کی 18لاکھ خوراکیں خریدے گا،اس حوالے سے معاہدے پر دستخط ہو گئے ۔ ایک تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ چین کے شہر ووہان میں کروناوائرس کے کیسوں کی حقیقی تعداد حکومت کے فراہم کردہ اعداد وشمار سے 10 گنا زیادہ ہوسکتی ہے ۔