اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،پشاور(رپورٹنگ ٹیم، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید9افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد29012ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 51236کورونا ٹیسٹ کئے گئے ،ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.80فیصد رہی،4027نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس31551ہو گئے ،752مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ابتک 76649649افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی۔ این اسی او سی حکام کے مطابق اسلام آبادمیں 366نئے کوروناکیس رپورٹ ہوئے جو3 ماہ کے دوران کسی ایک روز میں سب سے زیادہ اضافہ ہے ۔دریں اثنا ضلعی انتظامیہ نے انفیکشن کی منتقلی کو کم کرنے کیلئے دارالحکومت کے مختلف علاقوں کی نگرانی جاری رکھی ہوئی ہے جبکہ معائنہ ٹیموں نے شادی ہالوں، بازاروں ، پٹرول پمپوں، دکانوں، ورکشاپوں اور ریسٹورنٹس میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی شروع کردی ۔علاوہ ازیں کورونا کے پیش نظرتعلیمی اداروں کے حوالے سے وزرائے تعلیم کا اجلاس آج ہوگا۔قبل ازیں 13جنوری کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو کورونا ہونے پر اجلاس نہیں ہو سکاتھا ۔ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرکے مطابق پنجاب میں کورونا کے 853نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس 8435ہو گئے جبکہ فیصل آباد میں مزیدایک مریض کی جان چلی گئی ۔ لاہورسے کورونا کے مزید 669،راولپنڈی سے 96 ،فیصل سے 17،گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سے 11گیارہ ، ملتان سے 10جبکہ شیخوپورہ، سرگودھا اور رحیم یار خان سے 5پانچ اور ساہیوال سے 3کیس رپورٹ ہوئے ۔صوبہ میں کورونا مثبت کیسز کی مجموعی شرح 4.0 فیصد جبکہ لاہور میں 8.2 فیصد، راولپنڈی میں 7.6 فیصد رہی۔دریں اثنا پنجاب میں اومیکرون کیسز میں بدستور اضافہ جاری ہے اورمزید30مریض رپورٹ ہوئے جبکہ کل تعداد462ہو گئی۔لاہور سے 28اور شیخوپورہ سے 2نئے اومیکرون مریض رپورٹ ہوئے ۔لاہور میں کورونا کیسز میں اضافے پر ہسپتالوں میں مریض بڑھنے لگے ، سرکاری ہسپتالوں میں 45 مریض وینٹی لیٹرز اور 61آکسیجن تھراپی پر ہیں ۔لاہور کے ہسپتالوں کے 27 فیصد مختص وینٹی لیٹربھرگئے ۔میو ہسپتال میں 65.15 فیصد، سر گنگا رام ہسپتال میں 42،سروسز ہسپتال میں 13فیصد،جناح ہسپتال میں 11فیصداورلاہور جنرل ہسپتال میں 4.3 فیصد وینٹی لیٹر بھر گئے ۔شہر کے سرکاری ہسپتالوں کے 27فیصد ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ مریضوں سے بھر چکے ۔ میو ہسپتال کے 64فیصد،جناح ہسپتال کے 16فیصد،سر گنگا رام کے 44فیصد اور سروسز ہسپتال کے 7فیصد ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ بستر بھر گئے ۔ادھر وزیر قانون خیبرپختونخوا فضل شکور خان بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے اور خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں کورونا سے مزید3 مریض انتقال کرگئے جبکہ2670نئے کیسزمیں سے 2348کا تعلق کراچی سے ہے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں55لاکھ60ہزارسے زائد ہو گئیں۔ بیلجیئم میں اومیکرون کا پھیلائو 30 فیصد تک پہنچ گیا، ہر 100میں سے 30افراد متاثر ہو رہے ۔ جرمنی، اٹلی، آسٹریا، فرانس اور دیگر یورپی ممالک میں لازمی کورونا ویکسی نیشن اور پابندیوں کیخلاف گزشتہ روز پھرمظاہرے کئے گئے ،ہزاروں افراد نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اورزبردستی ویکسین لگانے کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔فرانس میں ہزاروں مظاہرین نے کاروبار کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔اٹلی میں نئی کورونا پابندیوں پر شہریوں نے احتجاجی ریلیوں کے دوران سڑکیں بلاک کر کے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔یورپی ممالک میں اومیکرون کے سبب عائد کی گئی پابندیوں کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے جس کا دائرہ امریکہ اور برطانیہ تک وسیع ہونے کا امکان ہے ۔