لاہور ، اسلام آباد، کراچی ، نیویارک (جنرل رپورٹر ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،کر ائم ر پو رٹر ،سپیشل رپورٹر،وقائع نگار،سٹاف رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں ) ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 88مریض چل بسے جبکہ 4007 نئے کیس سامنے آگئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق مجموعی اموات 20177، متاثرین 897468 ،فعال کیس 63436 ہو گئے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران62238 ٹیسٹ کیے گئے ۔ پنجاب میں1057 نئے کیس جبکہ 35افراد جاں بحق ہو گئے ۔ لاہورمیں13مریض دم توڑ گئے جبکہ 475 مزید متاثر ہوئے ،صوبے میں 1520 مریض صحتیاب ہو گئے ۔کورونا مریضوں کے پھیپڑوں میں بلیک فنگس لگنے کے معاملہ کے بعد محکمہ صحت پنجاب نے تمام ہسپتالوں کے طبی آلات ڈس انفیکٹ کرنے کی ہدایت کردی۔ ملک میں 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا آغاز کردیا گیا ۔لاہور پولیس کے 30 سال سے زائد عمر کے 2511 اہلکاروں کو کورونا ویکسین لگ گئی۔میڑک اور انٹر کے امتحانات کیلئے صرف انہی اساتذہ کی امتحانات میں ڈیوٹیاں لگائی جائیں جو ویکسی نیشن کرا چکے ہوں گے ۔ملک میں تیار اور پیک ہونے والی سنگل ڈوز ویکسین سائنو فارم آئندہ ہفتے عوام کو لگانے کیلئے دستیاب ہو سکے گی۔ این آئی ایچ کے حکام کے مطابق آئندہ ہفتے تک ایک لاکھ سے زائد خوراکیں تیار کر لی جائیں گی۔سی اے اے نے سفارتکاروں اور اہلخانہ کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیدیا۔وفاقی وزارت تعلیم نے کورونا کیسز کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہونے پر کراچی، اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور، سوات سمیت مختلف شہروں میں سکول 6 جون تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزارت تعلیم کا کہنا ہے پنجاب کے 20، سندھ کے 12 ، خیبر پختونخوا کے 14 اضلاع کے سکول6 جون کو کھلیں گے ۔ پنجاب میں لاک ڈاؤن کا ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ، بعض شہروں میں جمعہ، ہفتہ جبکہ بعض شہروں میں ہفتہ، اتواردو دن کاروبار بند رہیں گے ۔ نوٹیفکیشن 15 جون تک نافذ العمل رہے گا۔ سندھ میں 18 مریض انتقال کرگئے ،1411 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 830 افراد صحتیاب ہوگئے ۔ سندھ میں کورونا کی تشخیص کی شرح 8.8 فیصد ہونے کے بعد موجودہ پابندیاں اگلے 2 ہفتوں تک برقراررکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سیاحتی مراکز، سی ویو،ہاکس بے ، پارک، شادی ہال بند رہیں گے جبکہ جاگنگ ٹریکس کھلے رکھے جائیں گے ۔ پیر سے مارکیٹیں ، دکانیں ،ڈیپارٹمنٹل سٹور شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے ۔این سی او سی نے سیاحت کا شعبہ 24 مئی سے ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور گائیڈ لائنز بھی جاری کر دی ہیں۔سیاحتی مقامات پر جانے والے افراد کوویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جمع کرانا لازم ہوگا ۔ سیاحتی مقامات کے داخلی راستوں پر آنے والے مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پر کرائے جائیں۔ ایس او پیز کیساتھ کیمپنگ کی اجازت ہو گی۔ کینیڈا نے بھارت اور پاکستان کیلئے فضائی پابندیوں میں 30 دن توسیع کر دی، پابندی کا اطلاق21 جون تک ہوگا۔پاکستان نے مزید 15 ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دیں جو 23 مئی سے تاحکم ثانی نافذالعمل رہیں گی۔ ادھر دنیا بھر میں متاثرین 16.68کروڑ جبکہ ہلاکتیں 34.64لاکھ سے بڑھ گئیں۔ بھارت میں 3,642اموات جبکہ 237,095 لاکھ متاثرین سامنے آگئے ۔ممتاز حریت پسند کارکن محی الدین پنڈت سرینگر میں کورونا کے باعث انتقال کر گئے ۔ جرمنی نے برطانوی شہریوں کے داخلے پر پابندی لگادی ۔