اسلام آباد،راولپنڈی ،لاہور،پشاور،سیہون شریف،تہران (وقائع نگار،،نامہ نگار ،سٹاف رپورٹر ،جنرل رپورٹر،رپورٹر 92 نیوز،کامرس رپورٹر،نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ،نامہ نگار،آن لائن) کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال میں تیزی کے پیش نظر لاہور‘ اسلام آباد سمیت ملک کے 24 شہروں میں نئی پابندیاں نافذ کردی گئیں، تعلیمی ادارے ،ٹرانسپورٹ بند اور تمام تقریبات پر پابندی ہوگی جبکہ وائرس مزید 57جانیں لے گیا، 3787 نئے مریض سامنے آگئے ۔کوروناایک بارپھرپنجے گاڑنے لگا،لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے 24شہروں میں نئی پابندیاں نافذ کردی گئیں۔وزیر اعظم عمران خان کووفاقی وزیراسدعمرکی قیادت میں این سی او سی نے کورونا صورتحال پر بریفنگ دی ۔ شرکا نے پنجاب ،کے پی ،اسلام آبادکے منتخب اضلاع کے لیے این پی آئیز کا جائزہ بھی لیااور بتایاکہ زیادہ پھیلائووالے 24 شہروں میں آج سے 12ستمبرتک انٹرسٹی ٹرانسپورٹ، تعلیمی ادارے بند کرنے کافیصلہ کیاگیا،ان ڈور، آؤٹ ڈور تمام تقریبات پربھی پابندی عائد کردی گئی،شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت صرف آؤٹ ڈور اور300 افراد کی تعداد سے مشروط کردی گئی،24شہروں میں انڈور جم پر بھی پابندی عائد ہوگی۔پابندیوں کا اطلاق سرگودھا ، خوشاب،میانوالی ،رحیم یار خان ، خانیوال ، فیصل آباد،بھکر، گجرات ، گوجرانوالہ ، ملتان ،بہاولپور، لاہور ،اسلام آباد ،راولپنڈی ، سیالکوٹ ، شیخوپورہ ، ہری پور، مالاکنڈ ، مانسہرہ ، صوابی ،ڈی آئی خان ، سوات، ایبٹ آباد ، پشاورمیں ہوگا۔دریں اثناصوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پنجاب بھرمیں تمام سرکاری و نجی سکولز 6 ستمبر تا 11 ستمبر بند رہیں گے ۔علاوہ ازیں فیڈرل بورڈ کے تحت جاری امتحانات سخت ایس اوپیز کے تحت جاری رہیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے نئی پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ دریں اثناکوروناوائرس کے باعث انتقال کرنے والوں کی کل تعداد26035تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران 3787نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز کی تعداد90076تک پہنچ گئی۔ راولپنڈی میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران کل216کنفرم مر یضوں میں سے 3خواتین سمیت5افراد جان کی بازی ہار گئے ، ضلع میں مثبت کیسوں کی شرح 10.48فیصد تک پہنچ گئی۔ جماعت اسلامی کی ڈائریکٹر امور خارجہ حلقہ خواتین پاکستان سمیعہ راحیل قاضی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے ۔ادھر پنجاب کے 15 شہروں کے کالجز اور یونیورسٹیاں 6 ستمبر سے 12 ستمبر تک بند رہیں گی جبکہ پنجاب بھر کے سکولز بھی بند رہیں گے ۔ جن 15اضلاع کے کالجز اور یونیورسٹیاں بند رہیں گے ۔ادھر کورونا کے پیش نظر پشاور سمیت 8اضلاع میں ٹرانسپورٹ اور تعلیمی اداروں کی بندش سمیت متعدد پابندیوں کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔علاوہ ازیں حضرت لعل شہباز قلندر ؒکے مزار کو36دن بعد زائرین کیلئے کھول دیا گیا۔جمعہ کو ملک بھر سے زائرین سیہون شریف پہنچ گئے ۔ایران کی مسلح افواج کے سابق سربراہ حسن فیروز آبادی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ۔یورپین ٹریول میپ میں بیلجیئم کا رنگ سرخ ہوگیا۔مقصد اس علاقے میں کورونا کے پھیلاو کا مشاہدہ کرنا ہے ۔