اسلا م آباد ،لاہور ،کراچی، حیدرآباد، پشاور، کوئٹہ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، بیورورپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید58افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد11055ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 1800نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد523011ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد35485ہو گئی،2341مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل 476471صحتیاب ہو چکے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید28مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ534نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں330،راولپنڈی28،ملتان 23،رحیم یار خان50،فیصل آباد15،سیالکوٹ میں6اورگوجرانوالہ میں2کیسز سامنے آئے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں20لاکھ 58ہزار سے زائد ہو گئیں۔چین میں دوبارہ وبا سر اٹھانے لگی ہے ۔چین میں مارچ 2020 کے بعد کورونا وبا کی صورتحال بہت زیادہ خراب ہوچکی اور روزانہ کی بنیاد پر نئے کیسز کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہوا ، اوسطاً سو سے زائدکیسز سامنے آرہے ہیں۔لبنان میں کورونا بے قابو ہونے کے بعدمریض آکسیجن کی کمی کے باعث گھروں میں انتقال کر رہے ہیں، رواں سال کے پہلے 19 دنوں میں70ہزار سے زائدنئے کیسز ریکارڈ کئے گئے ۔ ہسپتالوں میں نئے مریضوں کی گنجائش پہلے ہی ختم ہو چکی ہے ۔ جرمن حکومت نے کورونا لاک ڈاؤن میں فروری کے وسط تک توسیع، پابندیوں میں مزید سختی اور اضافی حفاظتی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ۔جرمن پارلیمان میں نئے قوانین کے مسودے پر بحث ہوئی، بائیں بازو کے سوشل ڈیموکریٹس نے کئی قوانین کیخلاف مزاحمت کا اظہار کرتے ہوئے دستاویز میں ردو بدل کا مطالبہ کیا۔ کورونا سے متاثرہ شخص سے رابطے کے بعد برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک احتیاطاً قرنطینہ میں چلے گئے ۔متحدہ عرب امارات میں کورونا کے ریکارڈ3491نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید5مریض وفات پا گئے ۔اماراتی حکام کے مطابق یکم جنوری کے بعد سے یومیہ کیسوں میں اضافہ جاری ہے جبکہ ویکسی نیشن مہم بھی جاری ہے اوراب تک 18 لاکھ 80 ہزار افراد کو مفت ویکسین لگائی جا چکی ہے ۔