لاہور(رپورٹ :قاضی ندیم اقبال)کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات ،ملک بھرکے گورودواروں میں پرکاش گورو گرنتھ صاحب اور مندروں میں دیا باتی کی تقریبات کو محدود جب کہ چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ کی ہدایت پرلاہور سمیت ملک بھر کے 14 فنکشنل مندروں اور 18فنکشنل گورودواروں میں جراثیم کش ادویات کا سپرے جاری ہے ۔ چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمدنے ملک بھر کے گورودواروں اور مندروں میں جراثیم کش سپرے و دیگر معاملات کی مانیٹرنگ کے لئے سیکرٹری طارق وزیر کی سربراہی میں دو ٹیمیں تشکیل دی ہیں، مندروں کے معاملات کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراز عباس جبکہ گورودواروں کے معاملات کے نگران ڈپٹی سیکرٹری شرائنز محمد عمران گوندل ہیں اورزونل ایڈمنسٹریٹرز معاون کے طور پر کام کرنے کے پابندہیں۔حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز کی روشنی میں کرشنا مندر راوی روڈ، والمیکی مندر نیلا گنبد، سمادھی گنگا رام، کٹاس راج مندر، کرشنا مندر راولپنڈی ، کالی باڑی مندر پشاور، سادھو بیلہ مندر سکھر اور جھولے لال مندر کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی پوجا پاٹ ’’دیا باتی ‘‘ کی محافل کو مختصر کر دیا گیا ،چند پجاریوں اورروزانہ کی بنیاد پر آنے والے ہندو شہریوں کے علاوہ کسی کو شرکت کی اجازت نہیں دی جاتی ، جو لوگ مندر آ تے ہیں وہ بھی مخصوص فاصلے پرہی پوجا کرتے ہیں۔دوسری جانب گذشتہ روز لاہور کے مندروں اور گورودواروں کے اندر اور باہر جراثیم کش سپرے کیا گیا اور یہ سلسلہ آنے والے دنوں میں بھی جاری رہے گا۔گذشتہ روز لاہور میں گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب، گورودوارہ پہلی بادشاہی ٹمپل روڈ، گورودوارہ سنگھ سنگھنیاں لنڈا بازار، گورودوارہ بھائی تارا سنگھ لنڈا بازار، گورودوارہ بی بی نانکی بیدیاں روڈ، کے علاوہ گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب ، گورودوارہ سچا سودا، گورودوارہ دربار صاحب کرتار پور، گورودوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد، گورودوارہ بھائی لالو دی کھوئی ایمن آباد، گورودوارہ چکی صاحب ایمن آباد،گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال، گورودوارہ بھائی جگل سنگھ پشاور، گورودوارہ بھائی بیبا سنگھ پشاور میں بھی جراثیم کش سپرے شروع کیا گیا جو آئندہ ہفتے کے دوران مکمل ہوگا۔