اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، 92 نیوز رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روزپارلیمنٹ ہائو س میں ہوا۔اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل نے بتایاکہ ملک میں 3800 سے زائد وینٹی لیٹرز موجود ہیں، 9 اپریل کو مزید 500 وینٹی لیٹرز پاکستان آ جائیں گے جبکہ ملک میں 137 ہسپتالوں کو کورونا وائرس کیلئے مختص کیا گیا ہے ۔ڈاکٹر زاور پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے 29 ہزار حفاظتی کٹس صوبوں کو مہیا کر دی ہیں ۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کمیٹی کوبتایا کہ ملک میں 22 لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں،اب تک 35 ہزار ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ اس وقت ملک میں ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت 6ہزار 584 ہے ، سرکاری طور پر کورونا کا ٹیسٹ بالکل مفت ہے ،10 پیتھالوجسٹس پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی ہے جو ملک میں کورونا ٹیسٹ پر تجاویز پیش کرے گی۔ظفر مرزا نے بتایاکہ پی آر سی مشین کے ذریعے ٹیسٹ کیا جاتا ہے ۔ وزیر مملکت حماد اظہر نے کہا کہ وبا سے لڑنے کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا،وزیراعظم کی صدارت میں نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی کا تسلسل سے اجلاس ہو رہا ہے ،تمام صوبوں کی مشاورت سے فیصلے کئے جا رہے ہیں۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ملکر جل کر کوروناسے لڑنے کا عزم رکھتی ہیں ،پارلیمان کے کردار کو مؤثر بنانا چاہتا ہوں، پارلیمانی کمیٹی نگران کمیٹی کا کام کرے گی ۔آئندہ اجلاس میں صوبوں سے بھی نمائندگی ہوگی تاکہ کورونا کی درست صورتحال سامنے آسکے ۔سپیکرنے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو یقین دلایا ہے کہ کمیٹی کو فعال اور غیر جانبدار طریقے سے لے کر چلوں گا۔ کورونا سے نمٹنے کے لئے پارلیمان سے پوری قوم کا مربوط لائحہ عمل تجویز کیاجانا چاہئے ۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ پارلیمانی کمیٹی کی تمام سفارشات کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کمیٹی میں بھیجاجائے گا تاکہ صوبوں کی مشاورت سے انسداد کورونا کے لئے جامع حکمت عملی وضع کی جاسکے ۔ اجلاس میں سینیٹر زشیری رحمان ،حاصل بزنجو اورخواجہ آصف سمیت بلوچستان کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں کوروناوائرس صورتحال ،لاک ڈائون اورحکومتی ریلیف کیلئے اقدامات کے جائزہ کیلئے اعظم سواتی کی زیرصدارت سب کمیٹی تشکیل دیدی گئی، ارکان میں راجہ پرویز اشرف ،مشاہداﷲ خان ،شاہدہ اختر علی ،بیرسٹرمحمدعلی سیف اورسینیٹر شبلی فراز شامل ہیں۔سب کمیٹی پارلیمانی کمیٹی کے کام کرنے کے طریقہ کار کے ٹرمز آف ریفرنس بنائے گی۔کمیٹی کاآئندہ اجلاس9 اپریل کوہوگا۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت نے جو تجاویز دیں خوش آئند ہیں،آئندہ اجلاس میں لاک ڈائون کی صورتحال پر غور ہوگا ،ملکی معیشت پر اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔آئندہ اجلاس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور محکمہ صحت سے بھی بریفنگ لی جائے گی۔