مکرمی!گزشتہ دنوں ایک مختصر ویڈیو رپورٹ کراچی کی ایک خاتون رپورٹر کی زبانی دیکھنے کو ملی۔ خاتون رپورٹر شہر کی کسی مصروف جگہ پر یکے بعد دیگرے مرد و خواتین سے کورونا کے حوالے سے احتیاطی طور پر ماسک نا پہننے کے بارے میں سوال کئے جارہی تھی۔ اکثر و بیشتر شہریوں کا جواب آئیں بائیں شائیں جیسا تھا کہ جی ماسک جیب میں ہے، لگانا بھول چکے ہیں،گھر میں بھول آئے ہیں،کورونا کو نہیں مانتا،یہاں ماسک پہننے والوں کو بیمار سمجھ کر شکی نظروں سے دیکھا جاتا ہے،ایک کا جواب سُن کر شدید کوفت ہوئی، اس شخص کا کہنا تھا کہ جی دوسرے نہیں پہنتے ہیں ہم کیوں پہنیں؟ تو عرض گزارش ہے کہ کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لے کر بچاو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ماسک پہن کر خود کو اور اپنے اہل خانہ کو بچائے رکھے ،اگر دیکھا دیکھی میں ہم چشم پوشی کرکے احتیاطی تدابیر نہیں اپنائیں گے تو اس کا خمیازہ ہمیں خود بھگتنا ہوگا اور دنیا ہمیں ایک بے حس قوم کے نام سے جانے گی۔ (زکریا ناروئی ‘ چاغی )