مکرمی ! ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر حکومت کا کنٹرول ختم ہوچکا ہے ، آٹا ، چینی ، تیل ،گھی سمیت کھانے پینے کی تمام اشیاء میں تیزی سے ہونے والے اضافے نے غریب لوگوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، جس سے گزشتہ ایک سال کے دوران قوت خرید میں 50فیصد تک کمی ہوچکی ہے۔ ایک طرف کورونا وبا سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں تودوسری جانب بڑھتی ہوئی مہنگائی سے ملک کے اندر غیر یقینی پیدا ہو رہی ہے ، حکومت کوموجودہ حالات کو کنٹرول کے لیے انقلابی اقدامات اٹھانے ہوںگے۔ پاکستان کی تاریخ میںملک کو کبھی بھی اس طرح کی مشکل صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے ،یہ پہلا موقع ہے کورونا کی وجہ سے ایک طرف روزگار کے ذرائع کم ہوگئے ہیں تو دوسری طرف مہنگائی میں اضافہ ہواہے جو حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ حکومت کو ملک میں معاشی صورتحال کو بہتر کرنے کیساتھ ساتھ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلیے تمام تراقدامات بروئے کار لانے ہوں گے ،جو اس سے قبل کسی حکومت نے نہ کیے ہوں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ دنیا بھر کی طرح ہمارے لیے بھی سال 2020 ء سب سے مشکل سال رہا ہے جس میں غریب لوگ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ میری مخیر حضرات سیاپیل ہے کہ وہ شہر کے پسماندہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ سماجی اور فلاحی کام کریں۔( امان اللہ شاہ کا اورنگی ٹائون)