اسلام آباد، لاہور،ملتان ، واشنگٹن (سپیشل رپورٹر،وقائع نگار ،جنرل رپورٹر ،نما ئندگان92نیو ز، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) کورونا وائرس وزیراعظم ہائوس بھی پہنچ گیا۔وزیر اعظم ہائوس کے چار سٹاف ممبران کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہائوس میں معمول کے مطابق سٹاف کی کورونا ٹیسٹنگ ہوئی، کوروناٹیسٹ مثبت آنے والے چاروں سٹاف ممبران کوقرنطینہ کردیاگیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہائوس میں ایس اوپیزاورتمام احتیاطی تدابیراپنائی جارہی ہیں۔معاون خصوصی شہباز گل نے کہاہے وزیراعظم آفس اور تمام دوسرے اہم دفاتر کے سٹاف کا ریگولر چیک اپ کیا جاتا ہے ۔وزیراعظم ہائوس کے چند ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جنہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے ، متاثرہ ملازمین میں سے کوئی بھی براہ راست کسی اہم شخصیت سے منسلک نہ تھا۔ادھر ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مزید31افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 1581نئے کیس سامنے آگئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک میں کورونا کے ایکٹوکیس 27085جبکہ مصدقہ کیس38799ہوگئے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1581نئے کیس رپورٹ ہوئے ،31مزید اموات کے ساتھ مجموعی اموات 834 ہوگئیں۔این سی او سی کے مطابق پنجاب میں 14201، سندھ 14916، خیبر پختونخوا 5678،اسلام آباد 921 ، بلوچستان 2457،گلگت بلتستان میں518 ، آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی تعداد 108ہوگئی۔ ملک بھر میں ابتک 10880 مریض صحتیاب ہوچکے جبکہ 292 متاثرین کی حالت تشویشناک ہے ۔ ابتک 3 لاکھ 59ہزار افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کئے گئے ۔گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ریکارڈ14878افراد کے ٹیسٹ کئے گئے ۔پنجاب میں کورونا وائرس کے 287 نئے کیس سامنے آ گئے اور تعداد 14201 ہو گئی، 11مزید افراد کورونا کی وجہ سے زندگی کی بازی ہا ر گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد245ہو گئی ۔ لاہور میں کورونا وائرس کے 110 نئے مریض سامنے آئے ۔اٹک 19، چکوال 4، ڈی جی خان 3، گوجرانوالہ 48، حافظ آباد 6، قصور 13 اور لیہ میں 1 نیا کیس سامنے آیا۔منڈی بہاوالدین 1، ملتان 6، ننکانہ 1، راجن پور 6، راولپنڈی 24، ساہیوال میں 1 نیا کیس سامنے آیا۔ سرگودھا 4، شیخوپورہ 16جبکہ سیالکوٹ میں24 نئے کیس سامنے آئے ۔ 4757 افراد صحتیاب ہو چکے ۔ ابتک کل 155247 ٹیسٹ کیے جا چکے ۔ نشتر ہسپتال میں کورونا میں مبتلا 63 سالہ خالد دم توڑ گیا ، نشتر ہسپتال میں اموات کی مجموعی تعداد55 ہو گئی۔توحید ٹائون پتوکی میں پانچ سالہ بچے سمیت ایک ہی فیملی کے چھ افراد کوروناوائرس کا شکار ہو گئے ۔ پولیس نے بیریئر لگا کر توحید ٹاؤن کو سیل کردیا۔ ریسکیو ٹیم نے بچے کے علاوہ پانچ مریضوں کو قصور منتقل کر دیا ۔کامونکے میں کورونا کا مشتبہ مریض انتقال کر گیا۔ 90 سالہ سعد ورک کو 2 دن قبل وزیرآباد ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا ۔ سول ہسپتال حیدرآباد میں پلازمہ تھراپی کے کامیاب تجربے کے بعد کورونا کا شکار ایک اور 64 سالہ خاتون کو پلازمہ لگادیا گیا۔نوشہرہ میں ٹوبیکو کمپنی کے مزید 86 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 4,686,682جبکہ ہلاکتیں 310,955ہو گئیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید2,801 مریض چل بسے جبکہ 65,268 نئے کیس سامنے آگئے ۔بھارت کورونا کیسز میں چین سے آگے نکل گیا۔ کورونا نے ممبئی کا طبی نظام ہلا دیا۔امریکی ایوان نمائندگان نے صدرٹرمپ کی ویٹو کی دھمکی کے باوجو 3 کھرب ڈالر کے امدادی پیکیج کی منظوری دیدی۔ ڈیموکریٹس کی جانب سے پیش کیے گئے بل کی حمایت میں 208 ،مخالفت میں 199 ووٹ پڑے ۔وائٹ ہاوس اور سینٹ اراکین کی جانب سے بل کی شدید مخالفت کی گئی اور کہا گیا کہ بل کو سینٹ میں مسترد کر دیا جائے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی فنڈنگ بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ ڈونلڈٹرمپ نے بھارت کو کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے وینٹی لیٹرز عطیہ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا بھارت اور امر یکہ ملکر ویکسین تیار کر رہے ہیں ۔اٹلی نے تین جون سے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ۔جرمنی میں کورونا مخالف مظاہروں سے چانسلر میرکل پریشان ہو گئیں۔لندن کے ہائیڈپارک میں بھی ہزاروں لوگ احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے ۔جی20 کے وزرائے تجارت و سرمایہ کاری نے سعودی عرب کی صدارت میں آن لائن اجلاس کے اختتام پر مشترکہ بیان جاری کیا ہے ۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق وزرائے تجارت و سرمایہ کاری نے مطالبہ کیا کہ زرعی غذائی اشیا کی برآمد پر کسی طرح کی کوئی پابندی نہ لگائی جائے ۔تمام ممالک سفری پابندیاں ختم کرنے کی کوشش کریں۔عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے گلیوں، بازاروں میں جراثیم کش سپرے سے کورونا ختم نہیں ہوتا لیکن یہ انسانی صحت کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کو کیفے سے واپس بھیج دیا گیا۔ واقعہ سنیچر کو اس وقت پیش آیا جب وہ ساتھی کیساتھ ولنگٹن میں ’برنچ ڈیٹ‘ کیلئے کیفے گئی تھیں۔