نیو یارک( نیوزایجنسیاں)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کرونا وائرس کو دوسری عالمی جنگ کے بعد دنیا کا بدترین انسانی بحران قرار دیا ہے ۔ترجمان اقوام متحدہ کے مطابق سیکرٹری جنرل نے کہا کورونا وائرس سے دنیا کے ہر ملک کو عدم استحکام، بدامنی اور تنازعات کھڑے ہونے کا خطرہ ہے ۔ کورونا کے اثرات سے دنیا میں ڈھائی کروڑ افراد بیروزگارہو جائیں گے ۔ترقی یافتہ ممالک غریب ملکوں کی مدد کریں ورنہ وبا جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے کا خدشہ ہے ۔ سیکرٹری جنرل نے کہاکووڈ 19 اقوام متحدہ کی تشکیل کے بعد سے ابتک کا سب سے بڑا امتحان ہے ۔کورونا وائرس معاشروں اور لوگوں کی زندگیوں کو نشانہ بنا رہا ہے جس کے معیشت پر طویل مدتی اثرات ہونگے ۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کورونا سے معیشت پر طویل مدتی اثرات کو حل کرنے کیلئے ملکر کام کریں۔ سیکرٹری جنرل نے کم اور درمیانی آمدن والے ممالک کیلئے رسپانس اینڈ ریکوری فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ۔فنڈ سے بحران کی شکار حکومتوں کو تیزی سے مدد فراہم کرنے اور ان کی بحالی میں مدد کی جائے گی۔