مکرمی !کورونا وائرس نے انسانی رسم و رواج ، اقدار اور سماجی روایات کو یکسر بد ل کر رکھ دیا ہے اس عالمی وباء نے پوری دنیا کا نظام تہہ و بالا کر دیا ہے نہ جانے کب تک دنیا اس کی لپیٹ میں رہے گی یہ فیصلہ آنے والا وقت ہی کرے گا کورونا وائرس کی دوسری لہر انتہائی خطر ناک تیزی کے ساتھ انسانی زندگیوں کو نگل رہی ہے۔ حالات کی سنگینی کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک بار پھر حکومت پاکستان نے چاروں صوبوں کے اتفاق رائے سے پورے ملک کے تعلیمی ادارے ایک ماہ کیلئے بند کرنے کا ایک مشکل ترین فیصلہ کیا ہے لیکن تعلیم کی اہمیت و افادیت کو سامنے رکھتے ہوئے وزارت تعلیم اور وزارت اطلاعات و نشریات نے فاصلاتی نظام تعلیم کی نمو کے لئے ریڈیو اسکولز کیلئے ریڈیو پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ہیں تا کہ طالب علموں کو تعلیمی نقصان سے بچایا جا سکے بلا شبہ حکومت پاکستان کا یہ اقدام قابل ستائش ہے اس سے پہلے بھی حکومت نے پی ٹی وی کے اشتراک سے ٹیلی اسکولز کا نظام متعارف کروا رکھا ہے جو کامیابی سے جاری و ساری ہے ریڈیو اسکولز کی ضرورت اس لئے محسوس ہوئی کیوں کہ زیادہ تر پسماندہ اور دیہی علاقوں میں کسی بھی ابلاغ کی رسائی ممکن نہیں وہاں صرف اور صرف ریڈیو پاکستان ہی واحد ذریعہ ابلاغ ہے ایک بار پھر مشکل کی گھڑی میں ریڈیو پاکستان جیسا قدیمی ابلاغ کام آ گیا جسے سابقہ ادوار میں مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ امید ہے کہ آنیوالے دنوں میں ریڈیو پاکستان جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نظر آئے گا ۔ ( ذیشان حیدر‘ سرگودھا)